ریاستی وزیر پرشانت ریڈی نے مختلف موزوں اراضیات کا معائنہ کیا
نظام آباد ۔ 29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے چیف منسٹر چندر شیکھررائو کی جانب سے نئے بس اسٹانڈ کے تعمیری کاموں کی منظوری کے اعلان کے بعد کل شام آرٹی سی چیرمین باجی ریڈی گوردھن ، رکن اسمبلی اربن بیگالہ گنیش گپتا ، ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی کے ہمراہکل آراینڈ بی آفس ، این ٹی آر چوراہا ، میونسپل ، ایم پی ڈی او آفس کے آس پاس اراضی کا معائنہ کیا ۔ ان اعلیٰ قائدین نے مذکورہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے یہاں پر سرکاری اور خانگی اراضی سے متعلق تفصیلات حاصل کی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سرکاری میڈیکل کالج نظام آباد کی منظوری میں آرٹی سی بس اسٹانڈ کی اراضی رکاوٹ بنی ہوئی ہے آرٹی سی بس اسٹانڈ کو یہاں سے منتقل کرنے کیلئے وزیر پرشانت ریڈی ، آرٹی سی چیرمین باجی ریڈی گوردھن ، رکن اسمبلی باجی ریڈی گوردھن نے دورہ کرتے ہوئے تمام سہولتوں سے آراستہ بس اسٹانڈ کی تعمیر کیلئے موزوں اراضی کا معائنہ کیا ۔ وزیر پرشانت ریڈی نے نظام آباد بس اسٹانڈ کی خلیل واڑی سے دوسرے مقام پر منتقلی اور تعمیری کام کو تیزی سے قطعیت دینے کی ہدایت دی ۔ واضح رہے کہ میڈیکل کالج میں مریضوں کو ہونے والی دشواریوں کے پیش نظر میڈیکل کالج کی توسیع ناگزیر سمجھا جارہا ہے اور حکومت کو اس بار ے میں نمائندگی کرنے پر بس اسٹانڈ میڈیکل کالج سے متصلہ ہے اور بس اسٹانڈ کی اراضی میڈیکل کالج کے حوالے کرتے ہوئے میڈیکل کالج کی توسیع اور جدید طور پر بس اسٹانڈ کی تعمیر عمل میں لانے کیلئے بس اسٹانڈ کیلئے اراضی کی تلاشی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔