نئے سکریٹریٹ کا 17 فروری کو افتتاح ، پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام ہوگا

,

   

ٹاملناڈو اور جھارکھنڈ کے چیف منسٹرس کے علاوہ تیجیسوی یادو اور پرکاش امبیڈکر مدعو، تقریب کو بی آر ایس سرگرمیوں سے جوڑنے کی کوشش، کے سی آر نے سکریٹریٹ کا معائنہ کیا

حیدرآباد۔/24 جنوری ، ( سیاست نیوز) نئے سکریٹریٹ کے افتتاح کیلئے مہورت طئے پاچکا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو کسی بھی نئے کام کے آغاز کیلئے ویدک پنڈتوں سے مشاورت کے بعد دن اور وقت کا تعین کرتے ہیں انہوں نے نئے سکریٹریٹ کے افتتاح کیلئے بھی مہورت حاصل کیا ہے۔ ویدک پنڈتوں کی تجویز پر 17 فروری بروز جمعہ صبح 11:30 بجے تا 12:30 بجے کے درمیان مبارک ساعتوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور اسی وقت میں چیف منسٹر کے سی آر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم تلنگانہ سکریٹریٹ بھون کا افتتاح کریں گے۔ وزیر عمارات و شوارع بی پرشانت ریڈی کے مطابق افتتاحی تقریب سے قبل صبح میں ویدک اسکالرس کی نگرانی میں واستو پوجا، چنڈی یاگم اور سدرشن یاگم کا اہتمام کیا جائے گا۔ نئے سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب کو چیف منسٹر نے قومی سطح پر بی آر ایس کی سرگرمیوں میں توسیع سے مربوط کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن، چیف منسٹر جھار کھنڈ ہیمنت سورین، بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے نمائندہ کے طور پر جنتا دل ( یونائٹیڈ ) کے قومی صدر للن سنگھ کے علاوہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک کی کئی اور اہم شخصیتوں کو بھی افتتاحی تقریب کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد شام میں پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے تمام قائدین حصہ لیں گے۔ پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام کو کھمم کے حالیہ جلسہ عام کی طرز پر کامیاب بنانے کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ بی آر ایس کے قیام کے بعد یہ دوسرا بڑا جلسہ رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام اضلاع سے پارٹی کارکنوں اور حامیوں کی شرکت کیلئے وزراء کو ذمہ داریاں دی ہیں۔ اسی دوران چیف منسٹر کے سی آر نے وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی اور آر اینڈ بی کے عہدیداروں کے ہمراہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیری کاموں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تزئین نو کے کاموں میں بعض تبدیلیوں کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تزئین نو اور دیگر آخری مراحل کے کام جلد از جلد مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے وزیر عمارات و شوارع کو کاموں کی شخصی طور پر نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سکریٹریٹ بھون عصری سہولتوں کے ساتھ ملک کی پہلی عمارت رہے گی۔ر