راجگیر، 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) بہار میں ضلع نالندہ کے بینا تھانہ علاقے میں اراضی تنازعہ معاملے میں دو بھائیوں نے مل کر سگے بھائی کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا ۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اروت گاؤں کے رہنے والے فیروز یادو (37) کو اس کے بھائیوں کے ساتھ اراضی کے تعلق سے جھگڑا چل رہا تھا۔ اسی سلسلے میں فیروز کو اس کا بھائی کندن یادو اور شمس یادو گزشتہ شب گھر سے بلا کر بات چیت کرنے کے بہانے ویران جگہ کی طرف لے گئے اور پیٹ پیٹ کر اس کا قتل کر دیا ۔ فیروز کو دونوں بھائیوں کے ساتھ تین دن پہلے جھگڑا ہوا تھا اور اس دوران اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ مقتول کی اہلیہ کے بیان پر کندن اور شمس کے خلاف متعلقہ تھانہ میں قتل کا معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ واقعہ کے بعد سے دونوں ملزم فرار ہیں ۔ پولیس دونوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے ما ر رہی ہے ۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھارشریف صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔