ناگپور ۔15 اکتوبر ۔ ( یو این آئی ) انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ناگپور کے کستور چند پارک کے قریب واقع شردھا اے آئی کے دفتر پر چھاپہ مارا، جو معروف رائسونی گروپ کی ایک ذیلی یونٹ ہے ۔ محکمہ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مالی بے ضابطگیوں اور ٹیکس چوری کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔ محکمہ کی پانچ سے چھ اہلکاروں پر مشتمل ٹیم گزشتہ روز صبح سویرے شردھا ہاؤس پہنچی اور تقریباً بارہ گھنٹے تک وہاں تلاشی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران اہلکاروں نے اکاؤنٹس سے متعلق متعدد فائلیں، دستاویزات اور ڈیجیٹل ریکارڈ کی جانچ کی اور کئی الیکٹرانک آلات ضبط کر لیے ۔محکمہ کو شبہ تھا کہ کمپنی نے اپنے سالانہ ٹرن اوور اور اکاؤنٹنگ تفصیلات میں تضادات پائے گئے ہیں، جس کے باعث انکم ٹیکس افسران نے براہِ راست مداخلت کی۔ دورانِ کارروائی، کمپنی کے آڈیٹرز اور اکاؤنٹس عملے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔رائسونی گروپ کے تعلقات عامہ کے افسر نے تصدیق کی کہ حکام نے کمپنی کے دفتر کا دورہ کیا۔