نتیش کمار2025اور 2030میں بھی چیف منسٹر رہیں گے۔ تیجسوی یادو

,

   

جہان آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہاکہ جب تک نتیش کمار چیف منسٹر کے عہدے پر رہیں گے ان کے سیاسی تجربے میں اضافہ ہوگا۔


پٹنہ۔ ایسے وقت میں جب آر جے ڈی قائدین دعوی کررہے ہیں کہ بہت جلد وہ بہار کے چیف منسٹر بننے والے ہیں‘ ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو نے ایک روز قبل ان تمام قیاس آرائیوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ نتیش کمار نہ صرف2025میں بلکہ 2030میں بھی چیف منسٹر رہیں گے۔

جہان آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہاکہ جب تک نتیش کمار چیف منسٹر کے عہدے پر رہیں گے ان کے سیاسی تجربے میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ”نتیش جی 2025میں ہی نہیں بلکہ 2030میں چیف منسٹر کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

ان کے سیاسی تجربے میں اضافہ ہوگا۔ مسئلہ کیاہے؟۔ اب آپ لوگ(میڈیا) اس کا مطلب تلاش کریں گے۔ چیف منسٹر کے عہدے پر رہنے کی وہ صلاحیت رکھتے ہیں“۔

جے ڈی یو کے قومی صدر للن سنگھ نے کہاتھا 2025اسمبلی انتخابات کے لئے چیف منسٹر کے چہرے کاانتخاب ابھی نہیں ہوا ہے‘ وہیں جے ڈی یو قومی جنرل سکریٹری کے سی تیاگی ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے کہہ دیاتھا کہ نتیش کمار نہ صرف2025بلکہ 2030میں بھی چیف منسٹر رہیں گے‘ ان بیانات کے بعد تیجسوی یادو کا یہ بیان سامنے آیاہے۔

تیجسوی یادو نے کہاکہ ”ہماری واحد منشاء 2024لوک سبھا الیکشن میں بی جے پھی کو مرکز سے بیدخل کرنا ہے۔ ہم اس پر کام کررہے ہیں۔ عظیم اتحاد کی حکومت نتیش کمار کی قیادت میں چل رہی ہے۔ اس میں کوئی شک وشبہ نہیں ہے“۔