نئی دہلی۔ 15اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے مردم شماری کے عمل کو ملک کی ترقی اور پیش رفت کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے نوجوانوں سے اس میں تعاون کی اپیل کی ہے اور ان سے موبائل ایپ کے ذریعہ خود شماری کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مودی نے ہفتہ کو لال قلعہ کی فصیل سے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ابھی ملک میں ایک بہت اہم کام مردم شماری کا چل رہا ہے ۔ وہ نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس کے لیے وقت نکالیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ موبائل فون پر ایپ کے ذریعہ خود شماری کا کام پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعہ نوجوان مردم شماری کے کام میں بہت بڑا تعاون دے سکتے ہیں۔ ملک میں مردم شماری کے عمل میں پہلی بار موبائل ایپ سے خود شماری کا نظام تیار کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مردم شماری کے کام میں لگے ملازمین بھی گھر گھر جائیں گے ، لیکن نوجوان اس سے پہلے ہی اپنا اور اہل خانہ کا اندراج کر سکتے ہیں اور اس سے متعلق شناخت نمبر ملازم کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ حکومت کو اس سے بڑی سہولت ہوگی۔ مردم شماری کی صحیح تفصیلات ملنے سے حکومت کو پالیسیاں اور منصوبہ بنانے میں مدد ملتی ہے ۔ واضح رہے کہ مردم شماری کے عمل کے دوران ملک میں ابھی مکانوں کی فہرست سازی کا کام چل رہا ہے اور مردم شماری کا کام آئندہ فروری میں شروع ہوگا۔
نشہ سے پاک مہم کیلئے اجتماعی مساعی ضروری : مودی
نئی دہلی۔ 15 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو نشہ سے پاک بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں سے ملک گیر ’نشہ مکت بھارت‘مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ مودی نے 80 ویں یومِ آزادی پر لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشے کی لت ملک اور نوجوانوں کے لیے بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے اور اس سے نمٹنا سبھی کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے روشن مستقبل کے لیے نوجوان نسل کا مضبوط اور اہل ہونا ضروری ہے تاکہ وہ ملک کے کام آ سکے ۔ مودی نے کہا کہ گزشتہ دنوں ’مائی بھارت‘کے رضاکاروں، غیر سرکاری تنظیموں، سماجی و ثقافتی تنظیموں نیز روحانی شخصیات نے مل کر نشہ سے پاک ہندوستان کے لیے 100 ہفتوں کا ایک پروگرام طے کیا ہے ۔ انہوں نے ہر خاندان سے اس مہم کا حصہ بننے اور نشہ سے پاک ہندوستان کے ہدف کو پورا کرنے میں اپنا تعاون دینے کی اپیل کی۔