نوشاد نے مغل اعظم کی موسیقی دینے سے انکار کردیا تھا

   

ممبئی ۔ 4 جون ۔ ( یو این آئی ) 1960 ء کی شاہکار عظیم فلم مغل اعظم کی سحر انگیز موسیقی آج بھی اسی طرح مقبول ہے جیسی اس وقت تھی جب یہ فلم ریلیز ہوئی تھی ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ دور جدید کی نسل آج بھی اس فلم کے نغمے سنتی اور گنگناتی ہے لیکن اس فلم کے موسیقارنوشاد علی نے اس فلم میں موسیقی دینے سے انکار کردیاتھا۔کہا جاتا ہے کہ مغل اعظم کے ہدایت کار کے آصف جب نوشادسے ملنے ان کے گھر گئے ،وہ اس وقت ہارمونیم پر کوئی دھن تیار کررہے تھے ۔اسی وقت کے آصف نے 50ہزار روپئے کے نوٹوں کا بنڈل ہارمونیم پر پھینکا ،نوشاد کو اس بات پر بے انتہا غصہ آیا اور نوٹوں کا پھینکا ہوا بنڈل واپس کرتے ہوئے نوشاد نے کہا کہ ایسا ان لوگوں کے ساتھ کرنا جو بغیر ایڈوانس کے فلموں میں موسیقی نہیں دیتے ۔میں آپ کی فلم میں موسیقی نہیں دوں گا۔بعد میں نوشاد نہ صرف فلم میں موسیقی دینے کیلئے تیار ہوئے بلکہ اس کیلئے ایک پیسہ تک نہیں لیا۔نوشاد کی پیدائش لکھنؤ کے ایک متوسط مسلم خاندان میں 25دسمبر 1919 ء میں ہوئی اور 5 مئی 2006 ء کو اُن کا انتقال ہوگیا ۔ اُن کی مشہور فلموں میں آن ، انداز ، رام اور شیام ، گنوار ، میرے محبوب ، ساتھی، لیڈر اور شاہ رخ خان کی ابتدائی فلموں میں سے ایک ’گڈو ‘شامل ہیں ۔