نیتن یاہو کیخلاف سیاسی دباؤ بڑھنے لگا، 7 اکتوبر کے حملے کی آزادانہ تحقیقات کے بل کی ابتدائی منظوری

   

تل ابیب : 26 نومبر ( یو این آئی ) اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کیلئے سیاسی مشکلات بڑھنے لگیں، اسرائیلی پارلیمنٹ نے 7 اکتوبر 2023ء کے حملے اور اس روز ہونے والی سیکیورٹی ناکامیوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے قانون سازی کی ابتدائی منظوری دے دی۔تحقیقات کے بل کے حق میں 65 جبکہ مخالفت میں 50 ارکان نے ووٹ دیا، یہودی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ عرب اقلیت کی نمائندہ جماعتوں نے بھی بل کی حمایت کی۔قانون کو حتمی منظوری کے لیے پارلیمنٹ کے مزید 3 مراحل سے گزرنا ہو گا۔اسرائیلی پارلیمنٹ نے وزیرِاعظم نیتن یاہو کی مدتِ عہدہ محدود کرنے اور فوجداری مقدمات کا سامنا کرنے والے وزیرِ اعظم کو عہدے پر برقرار رہنے سے روکنے کے بلوں کی بھی ابتدائی منظوری دے دی۔نیتن یاہو گزشتہ ماہ انتخابات میں پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد عبوری وزیرِ اعظم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے واقعہ کی حقیقت سامنے لائی جائے گی۔
دوسری جانب نیتن یاہو آزادانہ تحقیقات کے مخالف ہیں اور چاہتے ہیں کہ تحقیقاتی کمیشن حکومت کے ماتحت کام کرے۔