نیشنل یونائٹیڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کا اہم اجلاس

   

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : نیشنل یونائٹیڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک اجلاس تلنگانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ریڈہلز کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ چیرمین جناب محمد مسعود احمد نے بتلایا کہ ٹرسٹ نے اپنے قیام کے بعد اب تک چار شعبہ جات تعلیم ، ہیلت کیر ، ویلفیر ، ایمپاورمنٹ ( کوچنگ اور ٹریننگ ) میں اب تک 8750 افراد کی مالی اعانت کی جس میں تعلیم کے شعبہ میں 2200 ، ہیلت کیر میں 2800 ، ویلفیر میں 3500 اور ٹریننگ ( ٹیلرنگ ) میں 250 میں اشخاص اور خواتین نے استفادہ کیا ۔ جناب محمد فرید خاں بانی و منیجنگ ٹرسٹی نے ٹرسٹ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے تعلیمی شعبہ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتلایا کہ سال حال ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ میں داخلہ لینے والے طلباء وطالبات کی مالی امداد کی گئی ۔ ٹرسٹ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج محبوب نگر میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے والی لڑکی کے ہاسٹل کے اخراجات 5 سال کے لیے ادا کئے اور اس لڑکی نے ایم بی بی ایس کا فائینل امتحان ڈسٹنکشن ( اعلیٰ درجہ ) سے پاس کیا ۔ جناب ضیا الدین نیر صدر مجلس تعمیر ملت نے ٹرسٹ کی مدد کرنے والے افراد کے خدمت خلق کے جذبہ کی ستائش کرتے ہوئے حاضرین سے دامے ، درمے ، سخنے حصہ لینے کی ترغیب دی ۔ مولانا مفتی عمران خاں نے خدمت خلق ، اور جذبہ انسانیت کیلئے واجب صدقات کے علاوہ نفلی صدقات پر دس آیات قرآنی اور دس احادیث انتہائی پر اثر انداز میں بیان کئے ۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے ذمہ داران انیس احمد ، میر فاروق علی ، جناب عبدالمعید خاں (ناصر ) ، جناب ظفر محی الدین ، جناب حبیب اللہ ، جناب لیاقت ، جناب طاہر علی ، جناب حیدر اور دیگر موجود تھے ۔ جناب عمر فاروق نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا ۔۔