نیوزی لینڈ کا نمیبیا کے خلاف کامیابی سے موقف مستحکم

   

شارجہ ۔اب جبکہ گروپ 2 میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید سخت ہوگئی ہے اس درمیان نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو 52 رنز سے شکست دی اور 2 قیمتی نشانات حاصل کرتے ہوئے گروپ میں افغانستان سے دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے ۔نیوزی لینڈ کے اب 6 نشانات ہوچکے ہیں۔کامیابی کیلئے 164 رنز کے تعاقب میں نمیبیا 111/7 رنز ہی بناپائی ۔آل راؤنڈر مظاہرے پر جیمی نیشم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے ۔قبل ازیں ورلڈکپ ٹی20 کے گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو کامیابی 164 رنزکا نشانہ دیا ہے۔شارجہ میں منعقدہ میچ میں نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایرسمس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر163رنز بنائے ۔نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 18، ڈیرل مچل 19، کپتان کین ولیم سن 28، ڈیون کونوے 17 رنز بناکر پویلین لوٹے تو نیوزی لینڈ کا اسکور 14اوورز میں87 رنز تھا۔گلین فلپس اور نیشم نے پانچویں وکٹ پرتیز رفتار76 رنزکی ناقابل شکست شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے بالتریب 39 اور 35 ناٹ آوٹ بنائے۔یاد رہے کہ گروپ 2 میں پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ نیوزی لینڈ افغانستان سے اپنا آخری میچ جیت جائے تو باآسانی سیمی فائنل میں جگہ بنالے گا۔اگر ایسا نہ ہوا اور نیوزی لینڈ کو افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا توگروپ 2 کے دوسرے سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔
براوو بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش
دبئی۔ ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر ڈوین براوو نے رواں ٹی20 ورلڈکپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ براوو نے جمعرات کو سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد آئی سی سی فیس بک لائیو پر سابق کپتان ڈیرن سیمی کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا میرے خیال میں اب وقت آگیا ہے ۔ میراکیریئر بہت اچھا رہا ہے۔18 سال تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی، کچھ اتار چڑھاؤ آئے ، لیکن میں بہت شکرگزار ہوں کہ اتنے عرصے تک خطے اورکیریبین لوگوں کی نمائندگی کی۔اسٹار آل راؤنڈر نے کہا تین آئی سی سی ٹرافیاں جیتیں جن میں سے دو سابق کپتان ڈیرن سیمی کی قیادت میں آئیں۔ مجھے ایک بات پر فخر ہے کہ کرکٹرز کے دور میں ہم نہ صرف عالمی سطح پر اپنا نام کمانے میں کامیاب رہے ہیں بلکہ خطابات بھی جیتے ۔