وجے کو حکومت سازی کی دعوت دینے میں گورنر ٹاملناڈو کا ٹال مٹول ٹی وی کے سپریم کورٹ سے رجوع

,

   

چینائی؍ نئی دہلی، 8 مئی (ایجنسیز): سپریم کورٹ میں آج ایک رٹ پٹیشن داخل کرتے ہوئے گورنر ٹاملناڈو کو ہدایت جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے کہ وہ ٹاملناڈو میں اداکار اور تملگا ویتری کڑگم (ٹی وی کے) کے سربراہ سی جوزف وجے کے علاوہ کسی دیگر کو حکومت سازی کیلئے مدعو نہ کریں۔ یہ عرضی ایڈوکیٹ پی ایزلرسائی نے داخل کی ہے جو خود کو ٹی وی کے کا رکن بتاتے ہیں۔ عرضی میں عدالت سے گورنر ٹاملناڈو کو ہدایت جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے کہ وجے کو تشکیل حکومت کی دعوت دیں اور انہیں چیف منسٹر ٹاملناڈو کی حیثیت سے حلف دلائیں۔ قبل ازیں ٹاملناڈو میں مابعد چناؤ جاری ڈرامے نے ایک اور موڑ لیا جبکہ ٹی وی کے پارٹی کے سربراہ وجے کا ہفتہ 9 مئی کو چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینا طے سمجھا جارہا تھا لیکن اس تقریب کو موخر کردیا گیا کیونکہ گورنر راجیندر ارلیکر کو ڈی ایم کے کی حلیف وی سی کے کی باضابطہ تائید کے مکتوب کا انتظار ہے، جس نے ٹی وی کے کو 116 ایم ایل ایز کے ساتھ اکثریت کی تعداد سے دو کی کمی پر لا کھڑا کیا ہے۔ چنانچہ گورنر کی طرف سے حلف برداری تقریب کا سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ لوک بھون کے ذرائع نے بتایا کہ گورنر کو وی سی کے کی طرف سے باقاعدہ مکتوب کا انتظار ہے۔ وجے نے جمعہ کی شام گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں 116 ایم ایل ایز کی دستخطیں پیش کردیئے تھے جو 234 رکنی اسمبلی میں اکثریت کے نشان سے دو کم ہیں۔ ٹی وی کے نے اسمبلی چناؤ میں غیرمعمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 108 نشستیں حاصل کئے۔ بعد میں کانگریس، وی سی کے، سی پی آئی اور سی پی آئی (ایم) کی حمایت ملنے کے بعد وجے کو مطلوبہ اکثریت حاصل ہوئی اور انہوں نے گورنر سے پھر مرتبہ ملاقات کرکے تشکیل حکومت کا دعوی پیش کیا۔