چنئی، 10 اپریل (آئی اے این ایس) جنوبی ہندکے سوپراسٹار وجے کی انتہائی متوقع فلم جنا نایگن کی تقریباً پانچ منٹ طویل ویڈیوکلپ مبینہ طور پر لیک ہوکر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس کے بعد فلمی صنعت میں شدید تشویش اور غصے کی لہر دوڑگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لیک ہونے والی ویڈیو میں وجے کا تعارفی منظر (انٹرو سین) اور ایک گانے کا حصہ شامل ہے، جو فلم کی اہم جھلک سمجھی جارہی ہے۔ اس واقعہ نے نہ صرف فلم کے سازوں کو پریشان کیا بلکہ پورے فلمی حلقے میں اس عمل کی سخت مذمت کی جا رہی ہے۔ ہدایت کاراروندھ سری نواسن اس معاملے پر آواز اٹھانے والوں میں پیش پیش رہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں کہا کہ فلم کی ایڈیٹ ریفرنس فوٹیج کا اس طرح لیک ہونا نہایت افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ ان کے مطابق فلم سازی کے ہر مرحلے میں بے پناہ محنت، اعتماد اور تخلیقی کوشش شامل ہوتی ہے اوراس طرح کے واقعات نہ صرف اس عمل کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ پوری صنعت کی ساکھ کو بھی متاثرکرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جنا نایگن کی ٹیم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ تکنیکی ٹیم کو اس لیک کے ذمہ دار عناصرکا سراغ لگا کر انہیں بے نقاب کرنا چاہیے۔ اروندھ سری نواسن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس لیک شدہ ویڈیوکو نہ دیکھیں اور نہ ہی اسے شیئرکریں، بلکہ جہاں کہیں بھی یہ مواد نظر آئے اسے فوری رپورٹ کریں۔ انہوں نے فلمی تخلیق کاروں کے احترام اور پائریسی کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ واضح رہے کہ جنا نایگن کی ریلیز پہلے جنوری میں پونگل کے موقع پر طے تھی، تاہم سنسر بورڈ کی جانب سے فلم کو ریویزن کمیٹی کے حوالے کیے جانے کے بعد اس کی ریلیز مؤخرکردی گئی تھی۔ اس پیش رفت نے پہلے ہی فلم کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی تھی اور اب فوٹیج لیک ہونے کے واقعہ نے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ہدایتکار ایچ وِنوتھ کی اس فلم میں وجے کے علاوہ بابی دیول، پوجا ہیگڑے، مامیتھا بائیجو، پرکاش راج اور گوتھم واسودیف مینن جیسے نامور اداکار بھی اہم کردار اداکر رہے ہیں، جس کی وجہ سے فلم کے لیے شائقین میں بے حد جوش و خروش پایا جاتا ہے۔پروڈکشن ہاؤس کے وی این پروڈکشنز نے پہلے ہی ایک بیان میں ریلیز مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ نہایت مشکل تھا۔ EH