ورنگل ایئرپورٹ کیلئے ایئرپورٹس اتھاریٹی کی اصولی منظوری

   

عادل آباد اور پداپلی ایئرپورٹس کیلئے سروے مکمل
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) ایئرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے ورنگل کے مامنور میں ایئرپورٹ کے قیام کو اصولی طور پر منظوری دے دی ہے۔ مامنور ایئرپورٹ کو 496.86 کروڑ سے ترقی دی جائے گی۔ مملکتی وزیر شہری ہوابازی مرلی دھر موہول نے کانگریس کے رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی کے سوال پر تحریری جواب میں کہا کہ ایئرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے اہم انفرااسٹرکچر کاموں کے لئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں جن میں رن وے کی تعمیر اور باؤنڈری وال شامل ہیں۔ مملکتی وزیر شہری ہوابازی نے کہا کہ ایئرپورٹ کی تعمیر اور فضائی خدمات کے آغاز کا انحصار اراضی کے حصول اور ضروری منظوریوں پر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ طیاروں کی پرواز کے سلسلہ میں وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے مرکز کو عادل آباد، پداپلی اور کتہ گوڑم میں ایئرپورٹس کی تعمیر کی تجویز پیش کی ہے۔ ایئرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے عادل آباد ایئرپورٹ کے معاملہ میں سروے مکمل کرلیا ہے جس کے تحت درکار اراضی کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ پداپلی میں گرین فیلڈ ایئرپورٹ کے سلسلہ میں اتھاریٹی نے فروری 2026 میں تلنگانہ حکومت کو رپورٹ پیش کردی ہے۔ کتہ گوڑم ایئرپورٹ کے سلسلہ میں ایئرپورٹس اتھاریٹی نے اراضی کو ایئرپورٹ کے لئے غیر موزوں قرار دیا کیونکہ اطراف میں پہاڑ اور ریلوے لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڑان اسکیم کے تحت تلنگانہ سے 58 روٹس پر پروازوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ 1؍F