ورنگل ۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ ورنگل کے زیرِ اہتمام بروز اتوار، 8 نومبر کو صبح 9 بجے تا دوپہر 2 بجے، سٹیزن فنکشن ہال، عیدگاہ روڈ، ہنمکنڈہ میں عظیم الشان جلسۂ تحفظ ختم نبوت و تقسیمِ انعامات منعقد ہوگا۔ اس اہم دینی و اصلاحی اجتماع کی تیاریوں کے سلسلے میں جلسے کے تشہیری پوسٹر کی رسمِ اجراء عالمگیر مسجد میں بعد نمازِ عشاء علماء کرام اور حفاظ عظام کی موجودگی میں انجام دی گئی۔اس موقع پر مولانا سید ایوب قاسمی ، ناظم مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ ورنگل کے ہاتھوں جلسے کے تشہیری پوسٹر کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔ اس موقع پر مولانا نے عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت و عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ایک اہم اور لازمی عقیدہ ہے۔ اس عقیدے کا تحفظ، اس کی اہمیت و افادیت کو نئی نسل تک منتقل کرنا اور مسلمانوں میں اس تعلق سے دینی و ایمانی شعور بیدار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے تمام علماء کرام، حفاظ عظام، ائمہ مساجد، طلبہ و طالبات، نوجوانوں اور عامۃ المسلمین سے پُرزور اپیل کی کہ وہ 8 نومبر کو منعقد ہونے والے اس عظیم الشان جلسے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں۔پوسٹر کی رسمِ اجراء کے موقع پر حضرت مولانا سید ایوب قاسمی، حضرت مولانا مفتی منہاج احمد قیومی مظاہری، مولانا محمد منور حسین قاسمی، حضرت حافظ عبدالمقیت ، حافظ سید اسامہ، مولوی محمد ریاض الدین اور حافظ صادق حسین کے علاوہ شہر ورنگل کے متعدد علماء کرام و حفاظ عظام موجود تھے۔