وزیراعظم ٹروڈو اور اہلیہ صوفی کی 18 سالہ شادی کے اختتام کا اعلان

,

   

اونٹا ریو: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور اْن کی اہلیہ صوفی نے شادی کے 15 سال بعد علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔کینیڈین وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے باوجود ان میں محبت اور احترام کا رشتہ برقرار رہے گا۔اْن کی شادی سنہ 2005 میں مونٹریال میں ہوئی تھی اور اْن کے تین بچے ہیں۔ایک بیان میں جسٹن ٹروڈو کے دفتر نے کہا کہ جوڑے نے علیحدگی کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں تاہم وہ اب بھی عوامی تقریبات میں اکھٹے نظر آئیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ انھوں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے تمام قانونی اور اخلاقی اقدامات اٹھا لیے ہیں اور آگے بڑھتے ہوئے وہ ایسا کرتے رہیں گے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ایک خاندان کے طور پر چھٹی منانے جائیں گے۔کینیڈا میں رائج قوانین کے مطابق تعلقات کے خاتمے کے بعد جب کوئی جوڑا ایک دوسرے سے علیحدہ رہنا شروع کر دیتا ہے تو اسے ’علیحدگی‘ کہا جاتا ہے۔ جبکہ طلاق اس وقت واقع ہوتی ہے جب عدالت باقاعدہ طور پر کسی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کر دے۔جوڑے نے کہا ہے کہ ان کے بچوں کی ’بہبود‘ کی خاطر ان کی پرائویسی کا خیال رکھا جائے۔51 سالہ ٹروڈو اور 48 سالہ صوفی کے تین بچے ہیں، 15 سالہ زیویئر، 14 سالہ ایلا کریس اور نو سال کی ہیڈرین۔جسٹن ٹروڈو اور صوفی گریگوئر ٹروڈو نے کہا ہے ’ہم ایک دوسرے کے لیے گہری محبت اور احترام کے ساتھ ایک قریبی فیملی رہیں گے اور ہر چیز کے لیے جو ہم نے بنایا ہے اور بناتے رہیں گے۔‘دونوں نے 2003 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی جب صوفی میڈیا سے منسلک تھیں۔ وہ ذہنی صحت کے بارے میں اپنے فلاحی کاموں کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔جسٹن ٹروڈو کینیڈا کے دوسرے وزیراعظم ہیں جنھوں نے وزیر اعظم آفس میں رہتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے ان کے والد پیری ایلیٹ ٹروڈو اور والدہ مارگریٹ ٹروڈو وہ جوڑا تھا جنھوں نے چھ سال ایک ساتھ رہنے کے بعد 1977 میں علیحدگی کا اعلان کیا۔ بعد میں ان کی طلاق ہو گئی تھی