قائدین کی گرفتاریاں ، ڈاکٹر نارائنا و وینکٹ ریڈی گھروں پر محروس
حیدرآباد۔26۔ مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کی آمد کے موقع پر سی پی آئی نے احتجاج منظم کیا ۔ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سی پی آئی کارکنوں نے سیاہ شرٹ پہن احتجاج کیا ۔ کئی قائدین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ سی پی آئی سٹی دفتر حمایت نگر کے روبرو سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا اور اسٹیٹ کونسل ارکان پریم پوانی ، ایس چھایا دیوی ، آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس سکریٹری ایم نرسمہا کی قیادت میں احتجاج کیا گیا ۔ سی پی آئی کارکن وزیراعظم کے دورہ کی مخالفت پر مبنی نعروں کے ساتھ پلے کارڈس تھامے تھے۔ سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا ، ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور دیگر کو پولیس نے احتجاج میں حصہ لینے سے روکنے گھروں پر محروس رکھا۔ سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے پولیس کے رویہ پر احتجاج کیا جس کے بعد کارکنوںکو دفتر کے باہر علامتی احتجاج کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کیا کہ مرکزی حکومت بیروزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ سے غریب طبقات متاثر ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، فراموش کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیلئے وزیراعظم کی آمد کے دن کا تعین کیا گیا ۔ انہوں نے گرفتار قائدین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ر