وزیربرقی جگدیش ریڈی کو زبان قابو میں رکھنے کی جگا ریڈی کا مشورہ

   

نہرو پر تنقید ناقابل قبول، آبپاشی کنٹراکٹ میں بھاری کرپشن
حیدرآباد: کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس قائدین کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر پنڈت جواہر لال نہرو اور دیگر قائدین کے خلاف الزام تراشی بند نہیں کی گئی تو وہ جگدیش ریڈی کے کارناموں کو عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کالیشورم اور مشن بھگیرتا کے تحت دیگر پراجکٹس کی تکمیل میں بڑے پیمانہ پر کرپشن ہوا ہے۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے اس مسئلہ کو لوک سبھا میں موضوع بحث بنانے کا فیصلہ کیا۔ میاں پور سے براہ پٹن چیرو سنگا ریڈی تک میٹرو لائین کی توسیع کا مطالبہ کیا جائے گا۔ کالیشورم پراجکٹ کیلئے تین تا چار لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا گیا لیکن عوام کو پانی کی سربراہی ممکن نہیں ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ پراجکٹ کے کنٹراکٹر میگا کرشنا ریڈی گزشتہ 6 سال میں 30 ہزار کروڑ کے مالک بن چکے ہیں۔ وہ 6 سال قبل صرف ماروتی کار کے مالک تھے لیکن آج وہ ہیلی کاپٹر اور ایر کرافٹ کے مالک ہیں۔ آبپاشی پراجکٹ میں میگا کرشنا ریڈی کو 30 ہزار کروڑ کا فائدہ ہوا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ تحریک کے دوران آندھرائی کنٹراکٹرس کے خلاف تھے لیکن انہوں نے کالیشورم کا کام آندھرائی کنٹراکٹر میگا کرشنا ریڈی کے حوالے کیا۔ پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کے لئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو کے خلاف تحقیقات سے متعلق جگدیش ریڈی کا بیان ان کے پاگل پن کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی پر الزام تراشی سے پہلے جگدیش ریڈی کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے ۔ کانگریس اور سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی جس کے نتیجہ میں جگدیش ریڈی وزیر بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جگدیش ریڈی الزام تراشی کا سلسلہ بند نہ کریں تو وہ روزانہ ایک اسکام منظر عام پر لائیں گے۔