نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 22 اور23اپریل کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے ۔وزارت خارجہ کے مطابق2016 اور 2019 کے بعد وزیر اعظم کا سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ یہ دورہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم کے ستمبر 2023 میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے اور ہندوستان۔سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کی پہلی میٹنگ کی شریک صدارت کے لئے نئی دہلی کے ریاستی دورے کے بعد کیاگیا ہے ۔وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان سماجی، ثقافتی اور کاروباری رابطوں کی طویل تاریخ کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ تزویراتی شراکت داروں کے طور پر دونوں ممالک سیاسی، دفاع، سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، ثقافت اور عوام سے عوام کے تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط دو طرفہ تعلقات کا اشتراک کرتے ہیں۔سعودی عرب کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات پچھلی دہائی کے دوران ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہوئے ہیں جس میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے معاہدوں، دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور تمام شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلے کے ساتھ کئی اسٹریٹجک شعبوں میں توسیع ہوئی ہے ۔وزارت خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ ہماری کثیر جہتی شراکت داری کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
مودی کل سرکاری ملازمین سے خطاب کریں گے
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی 17 ویں یوم عوامی خدمات کے موقع پر پیر کو یہاں سرکاری ملازمین سے خطاب کریں گے ۔ اس موقع پر وہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں بہترین کارکردگی کے لیے وزیراعظم کے ایوارڈز بھی پیش کریں گے ۔ وزیر اعظم نے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ وقف رہنے ، عوامی خدمات کے لیے پرعزم رہنے اور اپنے کام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی حوصلہ افزائی کی ۔ اس سال وزیر اعظم اضلاع کی مجموعی ترقی، آکانشی بلاکس پروگرام اور جدت کے زمرے میں سرکاری ملازمین کو 16 ایوارڈز پیش کریں گے ۔