وقف بورڈ کے شعبہ قضات میں نئی سہولیات کا افتتاح کرینگے
حیدرآباد۔25۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبودمسٹر کے ایشور 28ڈسمبر کو حج ہاؤز میں تلنگانہ وقف بورڈ کے تحت شعبۂ قضات میں درخواست داخل کرنے پہنچنے والوں کیلئے سہولتوں کا افتتاح کرینگے ۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے یہ بات بتائی ۔ تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے اسکیمات کے سلسلہ میں وزیر اقلیتی بہبود نے ضلعی عہدیداروں سے بات کرکے جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور وزیر فینانس ہریش راؤ کی ہدایت پر وزیر اقلیتی بہبود نے محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات کے ضلعی سطح پر عمل کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ وہ 28 ڈسمبر کو حج ہاؤز میں شعبۂ قضائت میںسہولتوں کے آغاز کے بعد ضلع اقلیتی بہبود حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرکے بینک سے مربوط قرض کی اسکیم پر عمل اور درخواستوں کی وصولی سے آگہی حاصل کرنے کے علاوہ نئی اسکیمات کی تیاری کے متعلق ہدایت جاری کرینگے ۔ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن صدرنشین جناب اسحق امتیاز نے بتایا کہ محکمہ فینانس سے جو اضافی 70 کروڑ روپئے بینک سے مربوط قرضہ جات کی اجرائی کیلئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس کے بعد وزیر اقلیتی بہبود نے اجلاس کے انعقاد کی ہدایت دی تاکہ عہدیداروں سے بات چیت کرکے فنڈس کے حصول میں مشکلات و اقلیتوں کیلئے نئی اسکیمات کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔