وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر کا دو روزہ دورہ روس

   

نئی دہلی، 22 اگست (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جئے شنکر اتوار کو روس کے دو روزہ دورہ پر جائیں گے جہاں وہ ہند ۔ روس بین حکومتی کمیشن کی میٹنگ میں حصہ لیں گے ۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ جئے شنکر روس کے فرسٹ ڈپٹی پرائم منسٹر ڈینس منٹوروف کی دعوت پر روس کے دورے پر جا رہے ہیں تاکہ تجارت، اقتصادی، سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون پر ہند- روس بین حکومتی کمیشن کے 27ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی جا سکے ۔دورے کے موقع پر وزیر خارجہ روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ملاقات کریں گے اور علاقائی نیز عالمی مسائل پر خیالات کا تبادلہ کریں گے ۔ اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ وہ دوطرفہ مسائل اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ اس دورہ کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے اقتصادی تعلقات اور توانائی کے تعاون کو نئی رفتار دینا ہے ۔وزیر خارجہ کے دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید استوار ہوں گے ۔