وقف بورڈ کا کل اجلاس۔ صدر نشین کو اختیارات تفویض ہونگے

   

اندرون ایک ہفتہ ایجنڈہ کے ساتھ اجلاس کے انعقاد کی بھی تیاریاں

حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی تشکیل و صدرنشین کے انتخاب کے بعد بورڈ کا پہلا اجلاس 31مئی منگل 11 بجے دن حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کے انتخاب کے بعد پہلے اجلاس میں صدرنشین بورڈ کو تفویض اختیارات کیلئے اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں تمام ارکان کی شرکت یقینی بنانے کوشش کی جا رہی ہے۔ اجلاس میںتمام ارکان کی جانب سے صدرنشین کو اختیارات کی حوالگی کے بعد اندرون ہفتہ دوسرا اجلاس منعقد کرنے تیاریاں کی جا رہی ہیں تاکہ گذشتہ ایک سال سے زیر التواء امور کی عاجلانہ یکسوئی یقینی بنائی جاسکے۔گذشتہ وقف بورڈ کے آخری تین ماہ کے دوران کسی بھی ایجنڈہ کی یکسوئی نہیں ہوپائی تھی جس کے سبب وہ زیر التواء ہے اور بورڈ کی عدم موجودگی میں جو مسائل پیدا ہوئے اور زیر بحث لائے جانے ہیں ان کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے۔ بورڈ کی تشکیل نو کے بعد اجلاس میں صدرنشین کا انتخاب عمل میں آیا تھا اور اب جو اجلاس محمد مسیح اللہ خان کی صدارت میں ہوگا اس کو محض تفویض اختیارات تک محدود رکھا گیا ہے۔ اجلاس میں ارکان بورڈ بیرسٹراسدالدین اویسی ‘ جناب محمد فاروق حسین رکن کونسل ‘ جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی ‘ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین ‘ مولانا ابولفتح سید بندگی پاشاہ قادری‘ مولانا سید نثار حسین حیدر آغا‘ جناب ملک معتصم خان‘ جناب ذاکر حسین جاوید ‘ یاسمین باشاہ و دیگر کی شرکت متوقع ہے۔ وقف بورڈ چیف ایکزیکیٹیوآفیسر جناب شاہنواز قاسم کے رخصت پر ہونے کے سبب اس اجلاس میں سی ای او کی زائد ذمہ داری نبھا رہے جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس شریک رہیں گے۔ آئندہ اجلاس میں چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے مستقل عہدیدار کے تقرر کیلئے بھی بورڈ سے عہدیداروں کے ناموں کی تجویز روانہ کئے جانے کی توقع ہے۔اجلاس میں بعض ارکان کی عدم شرکت پر بھی تفویض اختیارات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور اس میں کوئی قانونی رکاوٹ بھی نہیں ہے ۔