ممبئی ۔16؍اگست ( ایجنسیز ) مہاراشٹرا فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شرف کو ’وِمل الائچی‘ کے اشتہار کے معاملے میں شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ ایف ڈی اے کا الزام ہے کہ یہ اشتہار دراصل ’وِمل پان مسالہ‘ کی تشہیر کیلئے سرروگیٹ ایڈورٹائزنگ یعنی بالواسطہ اشتہار ہو سکتا ہے۔ ’وِمل پان مسالہ‘ ریاست میں ممنوع ہے۔ ان سے اشتہار میں اپنے کردار کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ایف ڈی اے کا ماننا ہے کہ ’وِمل الائچی‘ کا اشتہار ’وِمل پان مسالہ‘ برانڈ کے ساتھ تعلق قائم کرتا ہے اور اسے پان مسالہ برانڈ کی بالواسطہ تشہیر کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ محکمہ کی جانب سے گٹکھا اور پان مسالہ، خاص طور پر ان مصنوعات کے خلاف کارروائی تیز کی جارہی ہے جن میں تمباکو یا نکوٹین شامل ہوتی ہے۔
ممنوعہ مصنوعات کی تجارت سے وابستہ نیٹ ورکس کے معاملات میں پولیس کے ساتھ مل کر مہاراشٹر اکنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (مکوکا) کے تحت بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اسی کارروائی کے دوران تینوں اداکاروں کو نوٹس بھیج کر اشتہار میں ان کے کردار کے بارے میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ اب تک تینوں اداکاروں کی جانب سے اس معاملے میں کوئی جواب یا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔