رحمت بیگ شہر میں ہیں یا کسی اور شہر روانہ ہوگئے ؟

   

مختلف قیاس آرائیاں جاری ۔ جماعت کے قائدین کا بھی توثیق یا تردید سے گریز

حیدرآباد 13 ستمبر(سیاست نیوز) رحمت بیگ شہر واپسی کے بعد دوبارہ شہر سے روانہ ہوگئے یا حیدر آباد کی بجائے کسی اور شہر کے ائیر پورٹ پہنچے !بتایا گیا کہ جس طرح رحمت بیگ مکہ مکرمہ سے حیدرآباد واپسی کے بعد دوسرے ہی دن بنگلورو ائیر پورٹ سے مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے تھے اسی طرح وہ جدہ سے حیدرآباد ائیر پورٹ کی بجائے بنگلورو ائیر پور ٹ سے بنگلورو پہنچ کر وہاں سے کسی محفوظ مقام کیلئے روانہ ہوچکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ’جماعت‘ کے قائدین کی ان تک رسائی نہ ہونے کے سبب وہ انہیں ’صدر محترم‘ کی ہدایت یا قائد مقننہ کی ہدایت پر عمل کروانے سے قاصر ہیں ۔ جماعت کے قائدین رحمت بیگ معاملہ میں اب نئی ذہن سازی کرکے یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ’رحمت بیگ‘ صدر مجلس کی ایماء پر ہی مستعفی ہونے کی بجائے خود کو ’خفیہ ‘ ٹھکانے میں محفوظ رکھے ہوئے ہے حالانکہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے کیونکہ ’جماعت‘ کے سرکردہ ذمہ داروں کو یہ ہدایت دی گئی کہ وہ ’رحمت ‘ کو تلاش کریں اور انہیں مستعفی کروانے اقدامات کریں۔ رحمت بیگ کے بعض ایسے افراد سے رابطہ میں ہونے کی اطلاعات ہیں جو مستعفی ہونے سے محفوظ رکھنے میں مدد کرسکتے ہیں۔مجلس اتحاد المسلمین سے اخراج اور کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی ہدایت کے باوجود رحمت بیگ کے استعفیٰ نہ دیئے جانے پر ان کی ’جماعت‘ سے غداری پر محمول کیا جانے لگا ہے اور اب جماعت کے قائدین اور کارکن ہی رحمت کی دیدہ دلیری پر حیرت زدہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق ’جماعت ‘ کو جس صورتحال کا سامنا ہے اس سے نکلنے ذمہ داروں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرکے حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی اور اب آئندہ دنوں میں شہر میں حالات کو نظر میں رکھ کر آئندہ کی منصوبہ بندی پر غور کیا جارہاہے ۔ کہاجارہا ہے کہ ’رحمت‘ کے معاملہ سے عوامی توجہ ہٹانے حکمت عملی تیار کی جار ہی ہے۔رحمت بیگ مستعفی ہونے ‘واضح موقف اختیار کرکے ’جماعت ‘ کی ہدایت ماننے سے انکار کرنے کے ساتھ مشروط آمادگی کی بھی اطلاعات ہیں ۔ ان متضاد اطلاعات کے دوران ’جماعت ‘ کے کسی بھی ذرائع سے توثیق یا تردید سے گریز کیا جا رہا ہے۔3