چینائی 16 مئی (یو این آئی) ٹاملناڈو کے چیف منسٹر سی جوزف وجے کی قیادت میں 10 رکنی کابینہ میں آج محکموں کی تقسیم کر دی گئی۔ چیف منسٹر وجے نے داخلہ اور بہبودِ خواتین سمیت کئی اہم قلمدان اپنے پاس رکھے ہیں، جبکہ فینانس اور صنعت جیسے کلیدی قلمدان کے اے سینگوٹائن اور ایس کیرتھنا کو سونپے گئے ہیں۔ لوک بھون سے جاری سرکاری کے مطابق، گورنر راجیندر وشوناتھ ارلیکر نے چیف منسٹر کی سفارش پر وزراء کو قلمدان الاٹ کیے ۔ کہا گیا کہ این آنند کو دیہی ترقی اور آبی وسائل، آدھو ارجنا کو محکمہ تعمیراتِ عامہ اور فروغِ کھیل، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں خدمات کا تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر کے جی ارون راج کو صحت، طبی تعلیم اور بہبودِ خاندان کی ذمہ داری دی گئی ۔اس کے علاوہ پی وینکٹ رمن کو خوراک و شہری رسد، آر نرمل کمار کو توانائی کے وسائل اور قانون، راج موہن کو اسکولی تعلیم، ٹامل ترقی، اطلاعات و نشریات، جبکہ ڈاکٹر ٹی کے پربھو کو قدرتی وسائل کی وزارت دی گئی ۔ ایس کیرتھنا کو صنعت و سرمایہ کاری کی وزارت دی گئی ۔ چیف منسٹر سی جوزف وجئے کے پاس عوامی، عمومی انتظامیہ، آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، پولیس، داخلہ، خصوصی پروگراموں کے نفاذ، بہبودِ خواتین، نوجوانان، اطفال، معذور افراد، میونسپل اڈمنسٹریشن، شہری ترقی اور پانی کی فراہمی جیسے اہم قلمدان رہیں گے ۔