ٹریفک چالانات ادانہ کرنے والوں کیخلاف خصوصی مہم

   

حیدرآباد، 30 اپریل (یو این آئی)تلنگانہ کی پولیس ان گاڑیوں پر نظررکھے ہوئے ہیں جن پر ہنوز کئی زیرالتواچالانات ہیں۔اس خصوص میں جلد خصوصی مہم چلائی جائے گی۔حال میں حکومت نے گاڑیوں پر زیرالتواچالانات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرتے ہوئے ان پر سبسیڈی کی پیشکش کی تھی۔اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 45دنوں میں کئی افراد نے اپنی گاڑیوں کے زیرالتواچالانات اداکردیئے تاہم ہنوز تقریبا 30فیصد چالانات زیرالتوا ہیں جس کے پیش نظر پولیس اب ایسی گاڑیوں پر نظررکھے ہوئے ہے ۔چالانات اداکرنے والی گاڑیوں میں سے تقریباً 65 فیصد کاریں تھیں۔ 1,700 کروڑ روپے کے زیر التواء چالان میں سے 1,400 کروڑ روپے سرکاری خزانہ میں جمع ہوئے ۔اس سبسیڈی کے ختم ہونے کے بعد بھی مزید 30 فیصد موٹرسائیکل اپنے چالانات ادا کیے بغیر سڑکوں پر گھوم رہے ہیں۔ان کے خلاف خصوصی مہم چلانے پولیس تیار ہے ۔ پولیس نے کہا کہ جرمانہ ادا کیے بغیر سڑکوں پر گھومنے والوں کے خلاف معاملات درج کیے جائیں گے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔