ٹفن کرنے کیلئے بی جے پی ارکان کو اسمبلی میں جگہ نہیں

   

راجندراور وزراء میں نوک جھونک، بی جے پی رکن کے اظہار خیال پر بار بار مداخلت
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج بی جے پی رکن ایٹالہ راجندر اور وزراء کے درمیان نوک جھونک ہوئی۔ راجندر کو اظہار خیال سے روکنے کیلئے وزراء نے بار بار مداخلت کی اور اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے خواہش کی کہ راجندر کو بجٹ پر اظہار خیال کیلئے پابند کریں۔ اسپیکر نے جیسے ہی بجٹ پر اظہار خیال کی اجازت دی راجندر نے کہا کہ اسمبلی میں ان کیلئے ٹفن کرنے کی کوئی جگہ نہیں ہے اور یہ صورتحال ایک رکن اسمبلی کی توہین کے مترادف ہے۔ راجندر نے کہا کہ وہ صبح جلدی اسمبلی پہنچے اور ٹفن کرنا چاہتے تھے لیکن کہیں جگہ نہیں تھی۔ کانگریس فلور لیڈر بھٹی وکرامارکا نے اپنے چیمبر میں ٹفن کرنے کا موقع دیا۔ راجندر نے کہا کہ بی جے پی ارکان کیلئے اسمبلی میں روم الاٹ نہیں کیا گیا جو توہین کے مترادف ہے۔ اس مرحلہ پر وزیر فینانس ہریش راؤ نے مداخلت کی اور کہا کہ جس پارٹی کے ارکان کی تعداد 5 سے زائد ہو انہیں اسمبلی میں چیمبر الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیمبرکے الاٹمنٹ پر ایوان میں اظہار خیال کے بجائے اسپیکر سے نمائندگی کی جائے۔ راجندر نے کہا کہ لوک ستہ کے جئے پرکاش نارائن واحد رکن تھے اس کے علاوہ سی پی آئی کو بھی ایک رکن کے باوجود روم الاٹ کیا گیا تھا۔ راجندر نے کہا کہ ہم حوائج ضروریہ سے فارغ ہونے کیلئے آخر کہاں جائیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ تین ارکان کے باوجود بی جے پی کو بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں مدعو نہیں کیا جارہا ہے جبکہ سابق میں سی پی آئی اور سی پی ایم کا ایک رکن ہونے کے باوجود انہیں بی اے سی میں مدعو کیا جاتا تھا۔ وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی نے راجندر کو مشورہ دیا کہ وہ سہولتوں کے بارے میں اسپیکر سے شخصی طور پر نمائندگی کریں اور اسمبلی میں اظہار خیال مناسب نہیں کیونکہ قواعد کے مطابق روم الاٹ کیا جاتا ہے۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ وہ روم کے سلسلہ میں 6 مرتبہ اسپیکر سے نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ 3 ارکان کیلئے ایک روم الاٹ نہیں کیا جاسکتا۔ جس پر اسپیکر نے انہیں چیمبر میں ملاقات کا مشورہ دیا۔ وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے راجندر کے رویہ پر اعتراض کیا اور کہا کہ اسمبلی کی کارروائی کو قواعد کے مطابق چلنے دیا جائے۔ روم الاٹمنٹ ارکان کی تعداد کے اعتبار سے کیا جاتا ہے۔ بی جے پی رکن راجندر کو بجٹ پر اظہار خیال کے دوران بھی وزراء اور برسراقتدار پارٹی ارکان کی بار بار مداخلت کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی اور گورنمنٹ وہپ بی سمن نے تین رکنی پارٹی کو زائد وقت دیئے جانے پر اعتراض کیا اور بار بار مداخلت کے نتیجہ میں اسپیکر سرینواس ریڈی نے بجٹ پر اظہار خیال کیلئے بی آر ایس رکن جی بالراجو کا نام پکارا۔ر