ٹی آر ایس حکومت کی جاریہ میعاد میں پرانے شہر میں میٹرو ٹرین دوڑے گی

,

   

اسمبلی میں کے ٹی آر کا اعلان، چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل، پرانے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ

حیدرآباد : وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے اعلان کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کی جاریہ میعاد میں پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے پاس عنقریب اجلاس منعقد ہوگا جس میں پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے آغاز کے طریقہ کار اور پراجکٹ کے آغاز سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔ تلنگانہ اسمبلی میں حیدرآباد اور دیگر شہری علاقوں کی ترقی کے مسئلہ پر مختصر مباحث کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ پرانے شہر کے عوام اور نمائندوں کو میٹرو ٹرین کے بارے میں شبہ کی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے۔ گذشتہ 6 ماہ سے میٹرو ٹرین سرویس کورونا کے سبب بند تھی اور 7 ستمبر سے جزوی طور پر آغاز ہوا ہے۔ ایل اینڈ ٹی نے حکومت کو حالیہ عرصہ میں ہوئے نقصانات کے سلسلہ میں ایک درخواست روانہ کی ہے جس پر چیف منسٹر کے پاس اجلاس منعقد ہوگا۔ انہوں نے اجلاس میں مجلس کے فلور لیڈر کو مدعو کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ اس اجلاس میں پرانے شہر میں میٹرو کے آغاز پر فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرانے شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ 2020 کروڑ روپئے سے فلائی اوورس کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے جو بہادر پورہ، اویسی ہاسپٹل، چندرائن گٹہ، نلگنڈہ ایکس روڈ، فلک نما، شاستری پورم میں مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے پرانے شہر کی ترقی کے مسئلہ پر ہفتہ یا پیر کو ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں 4 فُٹ اوور بریجس 13 کروڑ کے خرچ سے منظور کئے گئے ہیں۔ 96 کلو میٹر فُٹ پاتھ کا کام حلقہ لوک سبھا حیدرآباد میں شروع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 3 کلو میٹر اضافی فُٹ پاتھس تعمیر کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں 100 بس بیز کی تعمیر کا منصوبہ ہے ان میں 2 پرانے شہر میں رہیں گے۔ حیدرآباد میں 11 جھیلوں کی ترقی کیلئے 85 کروڑ روپئے کے خرچ کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر عالم ٹینک کو خوبصورت بنانے کا کام آئندہ سال مارچ تک مکمل ہوجائے گا اور ممکن ہو تو وہاں ایک برج بھی تعمیر کیا جائے گا۔ چوک مرغاں میں ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کی تجویز پر کے ٹی آر نے کہا کہ چوک مرغاں کی موجودہ عمارت ہیرٹیج ہے جس کا انہدام آسان نہیں ہے۔ حکومت اس سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دے گی جو موجودہ عمارت کی جگہ ہمہ منزلہ کامپلکس کا فیصلہ کرے گی۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت 26 کروڑ کے کام مکمل ہوچکے ہیں۔ لاڑ بازار اور اطراف کے علاقوں میں کچھ کام باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب وہ عوامی نمائندوں کے ساتھ پراجکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے چارمینار کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے ضرورت پڑنے پر گولڈن ٹمپل پنجاب کا دورہ کرتے ہوئے پراجکٹ کو عصری ضرورتوں کے مطابق تبدیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر تک بارکس فُٹ بال گراؤنڈ تیار ہوجائے گا جبکہ آئندہ چار ماہ میں بنڈلہ گوڑہ میں اسٹیڈیم تیار رہے گا۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ دریائے کرشنا سے پرانے شہر کو 105 ایم جی ڈی پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بنڈلہ گوڑہ میں ذخیرہ آب کی تعمیر اور علی آباد ذخیرہ آب کی گنجائش میں اضافہ کا تیقن دیا۔