پانی میں ڈوب جانے والے ٹی آر ایس قائد سرینواس کا ہنوز کوئی پتہ نہیں چلا

,

   

غوطہ خوروں کی نشاندہی پر کار کرین کی مدد سے باہر نکالی گئی ، غفلت برتنے والے 2 وی آر اوز معطل
حیدرآباد :۔ ضلع سدی پیٹ میں پانی میں غرق ہوجانے والے ٹی آر ایس کے قائد جی سرینواس کا ہنوز پتہ نہیں چلا ہے ۔ تاہم ان کے انووا کار کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ جس کو کرین کی مدد سے پانی سے باہر نکالا گیا ہے ۔ ریاست میں جاری موسلادھار بارش کے دوران ٹی آر ایس کے قائد جی سرینواس اپنی انووا کار میں تین دوستوں کے ساتھ جارہے تھے برج پر ندی کے پانی میں تیز بہاؤ آجانے کی وجہ کار بہہ کر ندی میں گر گئی ان کے تین دوست محفوظ طریقے سے بچ کر نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔ مگر سرینواس کار کے ساتھ پانی میں غرقاب ہوگئے ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کلکٹر اور کمشنر پولیس اور دوسرے اعلیٰ عہدیداروں کو فوری متحرک کیا ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ۔ 9 غوطہ خوروں کی مدد حاصل کرتے ہوئے لاپتہ ہونے والے سرینواس کی تلاش کی جارہی ہے ۔ اس تلاشی مہم کی اے سی پی رامیشور اور چنا کڈور منڈل کے تحصیلدار سرینواس راؤ پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ نگرانی کررہے ہیں ۔ غوطہ خوروں کی جانب سے لائف جیکٹ پہن کر ندی میں سرینواس کی تلاش کررہے ہیں ۔ غوطہ خوروں نے انووا کار کا پتہ چلایا ہے ۔ سدی پیٹ سے خصوصی کرین منگوا کر انووا کار کو پانی سے باہر نکالا گیا ہے ، مگر کار خالی ہے ۔ جس کے بعد سرینواس کی تلاشی مہم میں مزید شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ گاؤں کے درمیان بہنے والی ندی کے پانی کے بہاؤ میں اچانک تیزی پیدا ہوجانے کی سرکاری طور پر اطلاع دینے میں غفلت برتنے والے دو وی آر اوز یادگیری اور نریش کو معطل کردیا گیا ہے ۔۔