کراچی ۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین مقابلے کی ٹی20 سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں کھیلا جائے گا جبکہ دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 2-0 سے شکست دی ہے لیکن امید کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز دلچسپ ہوگی۔ دریں اثناء جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بیٹسمین ڈیوڈ ملر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔31 سالہ ڈیوڈ ملر نے پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے ایک تصویر اپنے فیس بْک پیغام کے ساتھ منسلک کی ہے ۔ڈیوڈ ملر کی جانب سے شائع کردہ تصویر کے پس منظر میں سیکیورٹی عہدیدار بھی موجود ہیں جبکہ وہ خود بھی ماسک لگائے نیلی شرٹ پہنے کھڑے ہیں۔تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں محفوظ ہاتھوں میں کرکٹ کھیلنے کی بہت خوشی ہے۔واضح رہے کہ افریقی ٹیم پاکستان کے خلاف 11 ، 12 اور 14 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی، پاکستان نے مہمان ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں 0-2 سے کلین سویپ کیا ہے۔