کریم نگر۔20ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع پریشد اپر پرائمری اسکول اردو میڈیم، پداپلی میں برسرِ خدمت معلمہ نشاط فاطمہ کو اردو ادب کے فروغ اور جدید اختراعی، تکنیکی، فنی و اقتصادی مہارتوں میں نمایاں کارکردگی پر قومی اردو شکشک کرم چاری سنگھ انڈیا کی جانب سے قومی اردو زبان ایوارڈ 2026 ء سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ انہیں 14 ستمبر کو یومِ قومی ہندی کے موقع پر نئی دہلی کے غالب انسٹیٹیوٹ آڈیٹوریم، ایوانِ غالب مارگ، منڈی ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا گیا۔نشاط فاطمہ گزشتہ 24 برس سے محکمہ تعلیمات سے وابستہ رہتے ہوئے درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہی ہیں بالخصوص سال 2024-25ء میں بحیثیت صدر معلمہ اپر پرائمری اسکول امر نگر، پداپلی میں انہوں نے 100 سے زائد طلبہ کے داخلوں کو یقینی بناتے ہوئے ضلع پداپلی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔اس کے علاوہ وہ اردو DRP، پداپلی کی حیثیت سے متحدہ ضلع کریم نگر کے علاوہ ریاستی اور قومی سطح کی تربیتی سرگرمیوں میں بھی اہم خدمات انجام دے رہی ہیں۔نئی دہلی میں منعقدہ ایوارڈ تقریب کے موقع پر محمد حسین علی، کوآرڈینیٹر PIMS، عائشہ بانو، لکچرر، رمشاہ فاطمہ، کوآرڈینیٹر IMS اور دیگر موجود تھے۔ایوارڈ کے حصول پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نشاط فاطمہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔نشاط فاطمہ کو قومی اردو زبان ایوارڈ حاصل ہونے پر انجمن ترقی اردو کے صدر سرور شاہ بیابانی، ایڈوکیٹ شکیل احمد، جنرل سکریٹری انجمن ترقی اردو محمد سراج مسعود، محمد امتیاز الدین، صدر مدرس عتیق احمد کے علاوہ امر نگر اسکول کے اساتذہ، طلبہ و طالبات، اولیائے طلبہ، عزیز و اقارب اور رشتہ داروں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔