پرواز کے دوران عملہ اور مسافروں میں تصادم، 10 زخمی

   

لزبن : افریقی ملک انگولا سے پرتگال کی پرواز میں عملہ کے ارکان اور مسافروں کے مابین تصادم کے نتیجے میں 2 فضائی میزبانوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے عملہ کے ایک رکن کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق افریقی ملک انگولا کی سرکاری فضائی کمپنی تاج انگولا ایئر لائن کی پرواز ڈی ٹی 652 گزشتہ روز پرتگال کے دارالحکومت لزبن کیلئے 53 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ایئربس اے 330 طیارہ معمول کے سفر پر تھا اور فضائی میزبان مسافروں کی خدمت سرانجام دے رہے تھے کہ عملہ کے ایک رکن اور مسافر کے مابین کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ ہاتھا پائی کے بعد مسافروں اور عملہ کے مابین مارپیٹ شروع ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی جس کے ہاتھ جو کچھ آیا اس سے ایک دوسرے پر خوب طبع آزمائی کی گئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ہوائی جہاز کسی جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا۔ تصادم تھم جانے کے بعد طیارے کے اندر کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں ہوائی جہاز کے فرش، چھت اور نشستوں پر عملہ اور مسافروں کی لڑائی کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔