پلاسٹک اسکراپ گودام میں آتشزدگی

گودام جلکر خاکستر، بیگم پیٹ پرکاش نگر میں سنسنی
حیدرآباد ۔ /24 مارچ ( سیاست نیوز) بیگم پیٹ کے علاقے پرکاش نگر میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں پلاسٹک اسکراپ گودام جلکر خاکستر ہوگیا ۔ سب انسپکٹر سدرشن یادو کے بموجب پرکاش نگر ایکسٹنشن میں لنگیا ، رمیش اور روی اسکراپ کا کاروبار کرتے تھے اور انہوں نے اسی علاقے میں پلاسٹک اسکراپ گودام بھی قائم کیا تھا ۔ آج صبح 10 بجے اس گودام میں اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں آگ نے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ پرکاش نگر اور اس کے اطراف و اکناف علاقے جو رہائشی علاقے ہے میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس نے جائے حادثہ پر تین فائر انجنوں کو طلب کرلیا اور تقریباً تین گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ پولیس بیگم پیٹ نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اتفاقی طور پر آگ لگنے کے نتیجہ میں پلاسٹک گودام جلکر خاکستر ہوگیا ۔

TOPPOPULARRECENT