حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پاسپورٹس کی اجرائی کے کام میں تیزی پیدا کرنے اور خاص طور پر پولیس کلیرنس سرٹیفکٹ کی خدمات بہتر بنانے کے لئے پاسپورٹ سیوا مراکز کو ہفتے کے دن بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے بتایا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفکٹ معاملات میں تیزی پیدا کرنے کے لئے حیدرآباد میں واقع امیرپیٹ، بیگم پیٹ اور ٹولی چوکی مراکز کے علاوہ نظام آباد اور کریم نگر کے سیوا کیندر ہرہفتہ کو کھلے رکھے جائیں گے۔ پولیس کلیرنس سرٹیفکٹ کے پراسیس کی تکمیل کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ 3 ستمبر کو 1534 پی سی سی درخواستوں کی یکسوئی کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ پاسپورٹ خدمات کے لئے روزانہ اپائنٹمنٹس کے ساتھ ہفتہ 10 ستمبر کے لئے بھی اپائنٹمنٹس دیئے جارہے ہیں۔ ریجنل پاسپورٹ آفس کے تحت 5 سیوا کیندر میں درخواست گذاروں کو ہفتہ کے دن بھی اپائنٹمنٹس دیا جارہا ہے۔ درخواست گذاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ریجنل پاسپورٹ آفس کے ویب سائٹ یا پاسپورٹ سیوا ایپ سے استفادہ کریں۔ اپائنٹمنٹ کے لئے www.passportindia.gov.in ویب سائیٹ سے استفادہ کیا جاسکتا ہے اور متعلقہ پاسپورٹ سیوا کیندر میں سلاٹ بُک کیا جائے گا۔ر