پکوان گیس سلنڈر 500 روپئے اور مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد

   

ریونت ریڈی کا عوام سے وعدہ، بھدرا چلم میں بھٹی وکرمارکا کے ساتھ پد یاترا ، عوام میں جو ش و خروش

حیدرآباد۔14۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے آج متحدہ کھمم ضلع کے بھدرا چلم اسمبلی حلقہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا میں حصہ لیتے ہوئے قائدین میں اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ ریونت ریڈی کی پد یاترا کے آغاز کے بعد سے آج پہلی مرتبہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ شریک ہوئے ۔ یاترا کا آج آٹھواں دن تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکنوں اور کانگریس کے حامیوں نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی نے پد یاترا کے دوران کھیتوں میں پہنچ کر کسانوں سے ملاقات کی اور کھیتوں میں دھان کے پودے لگانے کا کام کیا۔ ریونت ریڈی نے کسانوں اور عوام سے وعدہ کیا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر فلاحی اسکیمات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پد یاترا کے دوران طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی نے عوام سے کئی وعدے کئے جس میں 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر کی فراہمی کا وعدہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں نے مہنگائی کے ذریعہ عوام کی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔ کانگریس دور حکومت میں پکوان گیس سلینڈر کی قیمت 400 روپئے تھی جو آج 1000 سے تجاوز کرچکی ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر فی سلینڈر 500 روپئے سربراہ کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے خواتین اور معذورین کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کیلئے نئی اسکیمات کا وعدہ کیا ۔ بھدرا چلم کے امبیڈکر سنٹر پر بھٹی وکرمارکا کے ساتھ ریونت ریڈی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے ۔ بعد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام شعبہ جات سے وابستہ عوام نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ بھدرا چلم میں پد یاترا کے راستہ میں ریونت ریڈی نے خاتون زرعی مزدوروں سے ملاقات کی اور انہیں تیقن دیا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ان کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پد یاترا میں رکن اسمبلی پی ویریا ، رکن اسمبلی سیتکا ، سابق مرکزی وزیر بلرام نائک ، سابق وزیر ایس چندر شیکھر ، یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پد یاترا کے دوران کئی ضعیف اور معذور افراد نے ریونت ریڈی کا استقبال کیا۔ ریونت ریڈی اور بھٹی وکرمارکا نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس کی حکومت ان کی بھلائی پر توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت غریبوں کو مکانات فراہم کئے گئے تھے جبکہ کے سی آر نے ڈبل بیڈروم مکانات کا وعدہ پورا نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ، سنگارینی کالریز اور برقی کے ملازمین نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا لیکن کے سی آر ان ملازمین کو فراموش کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں 1200 سے زائد افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی لیکن ان کے خاندانوں کی بھلائی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ریونت ریڈی نے دلت ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کی ترقی کے لئے کانگریس دور حکومت میں کئے گئے اقدامات کی بحالی کا وعدہ کیا۔ جلسہ عام میں سی ایل پی لیڈر کی موجودگی کا عوام کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ۔ ریونت ریڈی کی پد یاترا کل 15 فروری کو حلقہ اسمبلی پالاکرتی میں جاری رہے گی۔ر