دراصل ہمارے جسم کی سب سے سخت جلد ایڑیوں کی ہوتی ہے اور جسم کے اس حصے میں نمی کی مقدار کم ہوتی ہے۔اس وقت اگر لاپرواہی برتی جائے تو دن بدن جلد کھنچنے لگتی ہے جس سے کریکس یعنی دراڑیں پڑ جاتی ہیں۔موجودہ زمانے میں پیروں کی صفائی اور دیکھ بھال کے لئے سیلون میں ’’پیڈی کیور‘‘ کیا جاتا ہے جو کہ کافی مہنگا ثابت ہوتا ہے اور اسے گھر پر کیا جائے تب بھی اس میں استعمال ہونے والی مصنوعات کافی مہنگی ہوتی ہیں۔ یہاں پر پھٹی ایڑھیوں کیلئے چند بہترین طریقے پیش کیے جا رہے ہیں جو آپ کو اس مسئلے سے نجات دے کر آپ کے تلوؤں کی جلد کو نرم و ملائم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ایک برتن میں نیم گرم پانی ڈال کر اس میں نمک اور بیکنگ سوڈا شامل کر کے اچھی طرح ہلائیں اب اس میں اپنے پیروں کو 15 منٹ کیلئے بھگو دیں، 15 منٹ کے بعد پیروں کو خشک کر کے جھاوے کی مدد سے ایڑھیوں کو نرمی سے رگڑیں تاکہ اس پر موجود پھٹی ہوئی جلد صاف ہو جائے۔ بعد ازاں پانی میں دو کھانے کے چمچ کوئی بھی تیل لے کر اس میں ایک کھانے کا چمچ چینی شامل کریں، اس مرکب کو کم از کم 5 منٹ تک استعمال کرتے ہوئے اپنی ایڑیوں اور پیروں کو آہستہ سے رگڑیں اور پھر نیم گرم پانی سے اپنے پیروں کو دھو لیں۔تیسرے مرحلے میں پیروں کو موئسچرائز کریں، اس مقصد کے لئے موم اور زیتون کے تیل کا استعمال بہتر رہتا ہے، اگر آپ موم استعمال کر رہے ہیں تو اسے گرم پانی کے پیالے کے اوپر رکھ کر گرم کریں تاکہ وہ پگھل جائے اب اس میں زیتون کا تیل شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں اس مرکب کو پیروں پر خصوصاً پھٹی ایڑھیوں پر لگائیں اور موزے پہن کر سو جائیں صبح پھٹی ایڑھیاں بالکل ٹھیک ہو جائیں گی۔
٭٭ ٭ ٭٭