پیروں سے محروم نوجوان راہول کو چیف منسٹر نے مصنوعی پیر فراہم کئے

   

مکمل علاج کے انتظام پر راہول اور افراد خاندان کا ریونت ریڈی سے اظہار تشکر
حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورنگل سے تعلق رکھنے والے نوجوان راہول کی ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ حادثہ میں دونوں پیروں سے محرومی کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راہول کے مکمل علاج کا اہتمام کیا اور اُنھیں مصنوعی پیر فراہم کئے۔ حادثہ میں دونوں پیروں کی محرومی کے بعد جی راہول کی زندگی میں مایوسی چھا گئی تھی لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی کی بروقت مدد اور تعاون کے نتیجہ میں یہ نوجوان مصنوعی پیروں سے چلنے کے قابل بن چکا ہے۔ راہول نے مؤثر علاج کے ذریعہ چلنے کے قابل بنانے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ جی راہول نے آج اپنے افراد خاندان کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور صحت کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ مصنوعی پیروں کے ذریعہ راہول معمول کے مطابق زندگی بسر کرنے کے قابل بن چکے ہیں۔ افراد خاندان نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے غریب خاندان کے نوجوان کی مدد کرتے ہوئے اُسے زندگی گزارنے کا حوصلہ دیا۔ ورنگل ضلع کے دامیرہ منڈل کے موضع پالاکورتی سے تعلق رکھنے والے راہول کو 2 نومبر 2024ء کو بعض اشرار نے راجستھان جانے والی ٹرین سے ڈھکیل دیا تھا۔ نوجوان کے حادثہ میں بُری طرح زخمی ہونے کی اطلاع ملنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مکمل علاج کا انتظام کیا اور مصنوعی پیر فراہم کئے۔ جی راہول نے مصیبت کی اِس گھڑی میں بروقت مدد کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ راہول نے چیف منسٹر کو مصنوعی پیروں کے ذریعہ چلتے ہوئے اپنی معمول کی زندگی کا مظاہرہ کیا۔ چیف منسٹر نے راہول اور اُن کے افراد خاندان کو بھروسہ دلایا کہ آئندہ بھی وہ کسی بھی ضرورت کی صورت میں مدد کریں گے۔ اِس موقع پر وزیر بہبودی ایس سی، ایس ٹی و اقلیت لکشمن کمار موجود تھے۔1