نئی دہلی: پیغمبر اسلامؐ کی شان میں بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے کی گئی گستاخی کے خلاف عالم اسلام میں شدید برہمی کی لہر پائی جاتی ہے۔ عمان کے مفتی اعظم کی جانب سے ہندوستانی اشیاء کے بائیکاٹ کی اپیل کے بعد بی جے پی نے گستاخ ترجمان کو پارٹی سے معطل کردیا اور اس نے بھی اپنے ریمارکس سے غیر مشروط طور پر دستبرداری اختیار کی۔عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حمد الخلیلی نے بی جے پی کے خلاف ٹویٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں حکمران جماعت کے سرکاری ترجمان نے پیغمبر اسلام اور ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے خلاف گستاخانہ کلمات کہے ہیں۔ مفتی اعظم نے کہا کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس کے خلاف تمام مسلمانوں کو بحیثیت قوم اٹھنا چاہیے۔ مفتی اعظم کے بیان کے بعد عرب ممالک میں ہندوستان کی مخالفت ہوئی جس پر بی جے پی نے اپنی وضاحت پیش کی۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے اپنے دو ترجمانوں کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے برخواست کر دیا ہے۔ عمان کے مفتی اعظم کی مہم کی وجہ سے بی جے پی کو یہ فیصلہ لینا پڑا۔ مفتی اعظم کی اپیل پر عرب ممالک میں ہندوستانی اشیا کے بائیکاٹ کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔