پینٹگان کی مزید خفیہ دستاویزات لیک ہونے کا خدشہ

   

نیویارک : امریکہ کی انتہائی خفیہ فوجی معلومات کے لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایک نئی رپورٹ میں یہ سامنے آیا ہے کہ معلومات لیک کرنے والے نے اشارہ دیا تھا کہ وہ فوجی اڈے پر کام کرتا ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے چہارشنبہ کو رپورٹ کیا ہے کہ ‘ڈسکورڈ’ پر ایک گروپ کے رکن نے بتایا ہے کہ ایک اور گروپ ممبر نے یہ اشارہ دیا تھا کہ خفیہ دستاویزات کو شیئر کرنے کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے اور وہ فوجی اڈے پر کام کرتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لیک ہونے والی خفیہ دستاویزات میں یوکرین کی فوج اور دیگر حساس معاملات سے متعلق معلومات ہیں۔ پینٹگان کے ترجمان ان لیکس کو ’’قومی سلامتی کیلئے ایک سنگین خطرہ‘‘ قرار دے چکے ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس نے ڈسکورڈ گروپ کے ایک رکن کا انٹرویو لیا تھا جس سے حاصل ہونے والی تفصیلات کی تصدیق گروپ کے ایک اور رکن نے کی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ گروپ ممبر کے مطابق دستاویزات لیک کرنے والا امریکی حکومت سے دشمنی نہیں رکھتا تھا۔ لیکن اس نے امریکی قانون نافذ کرنے والے ادروں اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے بارے میں بات کی تھی کہ وہ شہریوں کو دبانے اور ان سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔