تل ابیب : اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے جمعرات کو جن چار یرغمالوں کی نعشیں حوالے کی تھیں ان میں سے ایک نعش کسی اور کی ہے۔ فوج نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم حماس کی جانب سے خاتون یرغمال کی نعش حوالے نہ کرنا سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت یرغمالوں اور قیدیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ معاہدے کے تحت جمعرات کو حماس نے پہلی مرتبہ چار یرغمالوں کی نعشیں ریڈ کراس کے حوالے کی تھیں۔ حماس نے کہا تھا کہ یرغمالوں کی نعشوں میں خاتون شیری بباس اور ان کے دو بیٹوں ایریل اور کفر کی نعشیں ہیں جب کہ چوتھی نعش اوڈیڈ لیف شیٹس کی ہے۔ چاروں نعشیں اسرائیل پہنچنے پر اسرائیلی حکام نے فوری طور پر 83 سالہ لیف شیٹس کی نعش کی شناخت کر دی تھی۔ تاہم جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فارنسک میڈیسن نے دو بچوں کی نعشوں کی شناخت کر لی ہے لیکن بچوں کی والدہ کی نعش تبدیل ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق خاتون کی نعش نامعلوم ہے جس کی شناخت نہیں ہوئی۔