شاہ آباد میں 6 افراد کو قتل کرنے والے ملزم نے خود کشی کرلی

   

ڈائیل 100 پر اطلاع کے بعد پنجرلہ گاوں سے نعش برآمد ۔ زہر کی شیشی بھی دستیاب
حیدرآباد : 13 جولائی ( سیاست نیوز) پولیس فیوچر سٹی نے شاہ آباد قتل کیس کے ملزم کی نعش کو برآمد کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائیل 100 کے ذریعہ پولیس کو اطلاع ملی اور پولیس نے پنجرلہ گاؤں پہنچ کر راج کمار کی نعش کو برآمد کرلیا ۔ ضابطہ کی کارروائی کے بعد پولیس نے نعش کو منتقل کردیا ۔ پولیس کا خیال ہے کہ راج کمار نے خودکشی کرلی چونکہ نعش کے قریب سے زہر کی بوتل برآمد ہوئی ۔ یاد رہے کہ پوکسو کا ملزم راج کمار نے گزشتہ روز 6 افراد بشمول خود اس کی بیوی اور دو کمسن بچوں کو ہلاک کردیا تھا ۔ اطلاع کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا تھا اور 4 خصوصی ٹیموں کو راج کمار کی گرفتاری پر لگادیا تھا اور پولیس کی ٹیمیں شدت سے راج کمار کو تلاش کررہی تھیں ۔ بنگلور و حیدرآباد ہائی وے پر موجود ہوٹلس ، رسٹورنٹس ، لاڈج ، دھابے ، ریلوے و بس اسٹیشن کے علاوہ ہر ممکنہ مقام پر پولیس راج کمار کو تلاش کررہی تھی جیسا کہ راج کمار کے والد نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ وہ خودکشی کرنے والا ہے اور خود اس نے ارون کمار جو راج کمار کا والد ہے فون پر اس کی اطلاع دی تھی اور 6 افراد بشمول بیوی بچوں کے قتل کی اطلاع خود راج کمار نے اس کے والد کو دی تھی ۔ پولیس نے اس پہلو پر چوکسی اختیار کرلی تھی اور پولیس فیوچر سٹی نے راج کمار کی اطلاع دینے پر 2 لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق راج کمار نے خود اس کے افراد خاندان اور خونی رشتہ سے بدظن تھا ۔ راج کمار نے جس لڑکی سے شادی کی تھی اس کو بھی شادی سے قبل شدید ہراساں و پریشان کرتا تھا اور شادی کے بعد 17سالہ لڑکی کو تنگ کرنا شروع کردیا تھا ۔ قرض کے بوجھ اور پوکسو مقدمہ کے بعد وہ مزید بگڑ گیا تھا ۔ اس نے انتقامی کارروائی کے تحت مقدمہ کی وجہ بننے والی لڑکی ، والدہ اور دادی کا پہلے قتل کیا اور پھر بعد میں گھر پہنچ کر خود اپنی بیوی اور دو بچوں کو مار ڈالا ۔ پولیس نے پنجرلہ کے مقام سے دستیاب نعش کی شناخت کرلی ہے اور نعش کے قریب زہر کی بوتل کو برآمد کیا گیا ، پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ع