چنئی کو آج لکھنو کیخلاف اہم کامیابی کی اشدضرورت

   

لکھنؤ، 14 مئی (آئی اے این ایس) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں لکھنؤ سوپر جائنٹس اور چنئی سوپرکنگز ایک بار پھر آمنے سامنے ہونے جا رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اہم مقابلہ جمعہ کو بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم، لکھنؤ میں کھیلا جائے گا۔ چند روز قبل ہی دونوں ٹیمیں چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں مدمقابل آئی تھیں، جہاں چنئی سوپرکنگز نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جس کے بعد اس میچ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ مقابلے میں چنئی کی کامیابی میں جوش انگلس نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے صرف 33 گیندوں پر85 رنزکی جارحانہ اننگزکھیل کر میچ کا رخ بدل دیا تھا، جبکہ شہباز احمد نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 43 رنز بنائے اور ساتھ ہی 30 رنز دے کر دو اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس جیت کے بعد چنئی سوپر کنگز نے پلے آف کی دوڑ میں اپنا موقف مزید مضبوط کر لیا ہے۔ رشبھ پنت کی قیادت والی لکھنؤ سوپر جائنٹس کے لیے یہ سیزن اب تک مایوس کن رہا ہے۔ ٹیم کی پلے آف میں رسائی کی امیدیں تقریباً ختم ہو چکی ہیں اور اب اس کی کوشش ہوگی کہ باقی میچز میں بہتر کارکردگی دکھا کر سیزن کا اختتام مثبت انداز میں کیا جائے۔ لکھنؤ کے پاس اب بھی تین میچز باقی ہیں اور ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر چنئی کے خلاف کامیابی حاصل کرکے شائقین کو خوش کرنے کی خواہاں ہے۔ اس سیزن میں لکھنؤ اب تک صرف تین فتوحات حاصل کر سکی ہے، جس کے باعث ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں نچلے حصے میں موجود ہے۔ دوسری جانب چنئی سوپرکنگز کے لیے صورتحال کافی مختلف ہے۔ پانچ مرتبہ کی آئی پی ایل چمپئن ٹیم اس وقت 11 میچز میں چھ کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے اور پلے آف کی دوڑ میں مضبوط دعویدار سمجھی جا رہی ہے۔ رتوراج گائیکواڑ کی قیادت میں چنئی نے سیزن کے آغاز میں غیر مستقل کارکردگی دکھائی تھی، تاہم ٹورنمنٹ کے اہم مرحلے میں ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنی مہم کو دوبارہ زندہ کر لیا ہے۔ پلے آف کی دوڑ اب انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ہر میچ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ چنئی سوپرکنگز کے لیے یہ مقابلہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اگر وہ اپنی پلے آف امیدیں برقرار رکھنا چاہتی ہے تو اسے اپنے باقی تمام میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ دوسری طرف لکھنؤ سوپر جائنٹس اپنی خراب کارکردگی کے باوجود آخری مرحلے میں بہتر کھیل پیش کر کے سیزن کا اختتام عزت کے ساتھ کرنا چاہے گی۔ میچ کی براہ راست نشریات اسٹار اسپورٹس چینلز پر کی جائیں گی۔