حیدرآباد ،19 اپریل (آئی اے این ایس) جنوبی افریقی سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے انڈین پریمیئر لیگ 2026 میں سن رائزرس حیدرآباد کی حالیہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ چنئی سوپرکنگز کے خلاف حاصل کی گئی کامیابی ان کے لیے سیزن کا ‘‘ٹرننگ پوائنٹ’’ بن سکتی ہے، جو ٹیم کو نہ صرف اعتماد دے گی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر بھی اوپر لے جائے گی۔ سن رائزرس حیدرآباد نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایک سنسنی خیز مقابلے میں چنئی سوپرکنگز کو 10 رنز سے شکست دے کر ٹورنمنٹ میں اپنا موقف مستحکم کیا ہے۔ ابتدائی دو شکستوں کے بعد ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل دوسری جیت حاصل کی، جبکہ مجموعی طور پر چھ میچوں میں یہ ان کی تیسری کامیابی رہی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ایس آر ایچ ٹاپ فور میں شامل ہوگئی، جو ان کے لیے ایک بڑی کامیابی تصورکی جا رہی ہے۔ میچ کا آغاز سن رائزرس حیدرآباد کے لیے نہایت جارحانہ انداز میں ہوا، جب اوپنرز ابھشیک شرما اور ٹراوس ہیڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 5.4 اوورز میں 75 رنز بنا ئے۔ دونوں نے شروع ہی سے حریف بولروں پر دباؤ ڈالا اور تیز رفتار اسکورنگ کے ذریعہ ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ڈیل اسٹین نے انکشاف کیا کہ اننگز کے وقفے کے دوران ان کی کلاسن سے گفتگو ہوئی، جس میں کلاسن نے کہا تھا کہ ٹیم مطلوبہ اسکور سے 10 سے 15 رنز پیچھے ہے اور جیت کے لیے غیر معمولی بولنگ اور فیلڈنگ کی ضرورت ہوگی۔ جواب میں چنئی سوپرکنگز نے بھی جارحانہ آغازکیا، خاص طور پر نوجوان آیوش مہاترے نے13 گیندوں پر30 رنز بنا کر ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کی۔ انہوں نے ایک اوور میں پرفل ہنگے کے خلاف ایک چھکا اور چار چوکے لگا کر میچ کا رخ بدلنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں میتھیو شارٹ (34)، سرفراز خان (25) اور شیوم دوبے (21) نے بھی اہم کردار ادا کیا، لیکن سن رائزرس کے بولروں اور فیلڈرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف ٹیم کو ہدف حاصل کرنے سے روک دیا۔ میچ میں حیدرآباد کی فیلڈنگ خاص طور پر قابل تعریف رہی۔کھلاڑیوں نے نہ صرف مشکل کیچز لیے بلکہ میدان میں بھرپور توانائی اور جذبے کا مظاہرہ کیا، جس نے میچ کے نتیجے پر واضح اثر ڈالا۔ میچ کے اختتام پر کلاسن کا جذباتی انداز بھی قابل ذکر رہا، جب انہوں نے میدان میں موجود شائقین کی طرف دیکھ کر اپنی ٹیم کا بیج دکھایا اور ان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ یہ لمحہ ٹیم اور مداحوں کے درمیان مضبوط تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔ اسٹین کے مطابق اس طرح کی جیت نہ صرف ٹیم کے حوصلے بلند کرتی ہے بلکہ آئندہ میچوں کے لیے ایک مثبت ذہنی کیفیت بھی پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سن رائزرس حیدرآباد اسی جذبے اور کارکردگی کو برقرار رکھتی ہے تو وہ نہ صرف پلے آف تک رسائی حاصل کر سکتی ہے بلکہ ٹورنمنٹ میں ایک مضبوط دعویدارکے طور پر ابھر سکتی ہے۔E/Y