چندی گڑھ میئر کے مسئلہ پر بی جے پی کو زبردست جھٹکا

,

   

سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے کلدیپ کمار کو منتخب قرار دیا
ریٹرننگ آفیسر نے جرم کیا ہے ‘اس کے خلاف مناسب کاروائی کی جائے‘عدالت عظمیٰ کی ہدایت

چنڈی گڑھ: چنڈی گڑھ کے میئر انتخاب میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر سپریم کورٹ نے منگل کو تاریخی فیصلہ سنایا۔ عدالت نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے امیدوار کلدیپ کمار کو فاتح قرار دیا ہے کیونکہ ریٹرننگ آفیسر انیل نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر کے حق میں 8ووٹوں کو جان بوجھ کر رد کرتے ہ وئے بی جے پی کے امیدوار کو کامیاب قرار دیا تھا ۔سپریم کورٹ کے اس فیصلہ سے بی جے پی کو زبردست جھٹکہ لگا ہے ۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریٹرننگ افسر کی جانب سے کالعدم قرار دیے گئے تمام 8 ووٹوں کو درست قرار دینے کی ہدایات دی۔ ریٹرننگ افسر نے ان تمام ووٹوں کے بیلٹ پیپرز پر کراس کا نشان لگا دیا تھا۔سی جے آئی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ تمام 8 ووٹ درخواست گزار امیدوار کلدیپ کمار کے حق میں تھے اور اسطرح عام آدمی کے کونسلر کے ووٹوں کی تعداد 20ہوگئی اور انہیں فاتح قرار دیا گیا۔ پیر کو سوال پوچھنے سے پہلے انل مسیح کو سنگین نتائج کا سامنا کرنے کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔ ریٹرننگ افسر نے 8 بیلٹ پیپرز پر اپنا نشان لگایا اور اپنے دائرہ اختیار سے باہر کام کیا۔ ریٹرننگ افسر نے جرم کیا ہے۔ اس کے لیے اس کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔ پیر کو ریٹرننگ آفیسر نے سی جے آئی بنچ کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ بیلٹ پیپر پر کراس انہوں نے ہی ڈالا تھا۔ عدالت نے ریٹرننگ افسر سے پوچھ گچھ کے بعد الیکشن سے متعلق تمام اصل ویڈیو ریکارڈنگ اور دستاویزات طلب کیں جو کمرہ عدالت میں پہنچ گئیں۔چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے اس معاملے کی سماعت کی۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کونسلر کلدیپ کمار نے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں پریزائیڈنگ آفیسر یعنی ریٹرننگ آفیسر کے 8 ووٹوں کو غلط قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کلدیپ کمار نے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سچ کچھ وقت کیلئے پریشان ہو سکتا ہے لیکن اسے روندا یا دبایا نہیں جا سکتا۔ سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔سپریم کورٹ نے جمہوریت کے قتل کی اجازت نہیں دی۔ آنے والے وقت میں ہمارے رکن اسمبلی بھی چنڈی گڑھ میں جیت کر واپس آئیں گے۔میئر کے انتخاب کے عمل پر پیر کی سماعت میں چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے انتظامیہ اور ریٹرننگ آفیسر انل مسیح کی سخت سرزنش کی تھی اور کہا تھا کہ یہ جمہوریت کا مذاق ہے۔ اس الیکشن میں ریٹرننگ افسر کی حرکتوں کی ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ جمہوریت کا قتل ہوا ہے۔