امریکہ 205 ملین ایکٹیو یوزرس کے ساتھ سرفہرست، ٹاپ 10 ممالک میں برازیل ، چین اور فرانس شامل
حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس کے یوزرس کی تعداد میں روز افزوں اضافہ درج کیا گیا۔ چیاٹ جی پی ٹی کے یوزرس کے معاملہ میں امریکہ سرفہرست ہے جہاں تقریباً 205 ملین افراد چیاٹ جی پی ٹی کا استعمال کر رہے ہیں۔ سوشیل میڈیا کے اس تیزی سے مقبول پلیٹ فارم کے یوزرس کی تعداد کے اعتبار سے 10 بڑے ممالک کی نشاندہی کی گئی جن میں ہندوستان 198 ملین یوزرس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آرٹیفشل انٹلیجنس کی تیز رفتار مقبولیت نے عوام کو ایسے پلیٹ فارم کی طرف راغب کردیا ہے جن کے ذریعہ بآسانی تفریحی اور دیگر سرگرمیوں کو انجام دیا جاسکتا ہے ۔ چیاٹ جی پی ٹی کے یوزرس کے تعداد کے اعتبار سے ہندوستان کا دوسرے نمبر پر ہونا ماہرین کے لئے حیرت کا باعث ہے۔ اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہندوستان میں سوشیل میڈیا اور آرٹیفشل انٹلیجنس کے استعمال کے رجحان میں کس قدر تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ برازیل میں چیاٹ جی پی ٹی یوزرس کی تعداد 52 ملین درج کی گئی جبکہ کینیڈا میں 48 ملین یوزرس اس ٹکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں ۔ چیاٹ جی پی ٹی کے استعمال کے معاملہ میں فرانس ، اسپین ، میکسیکو ، برطانیہ ، اٹلی اور فلپائن نے بھی ٹاپ 10 ممالک میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ ماہرین کے مطابق انفارمیشن ٹکنالوجی کے عوامی سطح پر مقبولیت حاصل کرنے میں اگرچہ کئی سال درکار ہوئے لیکن آرٹیفشل انٹلیجنس کے متعارف ہوتے ہی وہ تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔1/k/m/b