کے سی آر کی ہمدردی کی کانگریس کو ضرورت نہیں، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے 709 پولیس اسٹیشنوں میں کل 14 فروری کو چیف منسٹر آسام کے خلاف کریمنل کیس درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں شخصی طور پر پہنچ کر چیف منسٹر آسام کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف چیف منسٹر آسام نے جو غیر مہذب ریمارکس کئے ہیں اس کے خلاف ریاست گیر سطح پر احتجاج کے پیش نظر رکنیت سازی کے نشانہ کی تکمیل کا جشن ملتوی کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آسام نے اپنے بیان کے ذریعہ ہندوستان کی تمام ماؤں کی توہین کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، جے پی نڈا ، ریاستی قائدین بنڈی سنجے اور کشن ریڈی کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیب اور روایات کے برخلاف بیان دینے والے چیف منسٹر کو فوری برطرف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ صرف راہول گاندھی کے خاندان کی نہیں بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی توہین کی گئی۔ انہوں نے راہول گاندھی کی تائید میں کے سی آر کے بیان کو محض دکھاوا قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس دونوں کی ملی بھگت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت کی بدعنوانیوں کے بارے میں کے سی آر کے پاس ثبوت موجود ہیں تو پھر عوام کے روبرو پیش کرنے سے گریز کیوں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس ظاہری اختلافات کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر پر کانگریس پارٹی ہرگز بھروسہ نہیں کرے گی۔ ابھی تک دو مرتبہ کے سی آر نے کانگریس پارٹی کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو مختلف پارٹیوں سے دوستی تبدیل کرنے کی عادت ہوچکی ہے۔ وہ موقع پرستی کی آخری مثال ہیں لہذا کانگریس پارٹی کو کے سی آر کی ہمدردی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ر