چیف منسٹر ریونت ریڈی کا آج دورہ ظہیر آباد

   

ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح ، وزیر صحت نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 22۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کل 23 مئی کو سنگا ریڈی ضلع کا دورہ کریں گے اور ظہیر آباد اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح انجام دیں گے۔ چیف منسٹر ظہیر آباد میں بسویشور کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دیں گے اور کیندریہ ودیالیہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ چیف منسٹر 494.67 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیں گے۔ چیف منسٹر جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور حیدرآباد واپسی کے ساتھ ہی نئی دہلی روانہ ہوں گے ۔ اسی دوران وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کو قطعیت دی۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ چیف منسٹر مختلف ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح کرتے ہوئے عوام سے خطاب کریں گے۔ جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رکن پارلیمنٹ ظہیر آباد سریش شیٹکر، ضلع کلکٹر کرانتی ویلورو ، رکن اسمبلی سنجیو ریڈی نے دیگر کے ساتھ دورہ کیا۔ چیف منسٹر کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کیلئے ہیلی پیاڈ تعمیر کیا گیا ۔ دامودر راج نرسمہا نے ضلع کلکٹر اور پولیس حکام کے ساتھ سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ جلسہ عام میں شرکت کرنے والے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔1