چیف منسٹر نے ویمن یونیورسٹی میں نئی عمارت کی تعمیر کیلئے 550 کروڑ کا اعلان کیا

   

یونیورسٹی کے احاطے میں سنگ بنیاد رکھا ، طالبات کو تمام شعبوں میں بہتر مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ویمن یونیورسٹی میں نئی عمارت کی تعمیر کیلئے 550 کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے آج کوٹھی میں چاکلی ایلماں ویمن یونیورسٹی میں نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ خواتین تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں ۔ ویمن یونیورسٹی کی طالبات راجیو گاندھی کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انتخابات میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم ہوں گے ۔ اس میں طالبات کا اہم رول ہونا چاہئے ۔ کانگریس حکومت خواتین کی ترقی بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ تاریخی یونیورسٹی ہے یہاں تعلیم حاصل کرنا لڑکیوں کیلئے فخر کی بات ہے ۔ کانگریس نے وعدے کے مطابق ریاست میں پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے کے دو دن بعد آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے ۔ خواتین کو ترقیاتی پروگرامس کا حصہ بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کی مکمل حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ انہیں اسکولس کے نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ خواتین صرف گھروں تک محدود نہیں ہے بلکہ تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں ۔ انہیں صنعتکار بنانے میں مکمل تعاون کیا جارہا ہے ۔ اڈانی اور امبانی سے مقابلہ کرنے کے برابر خواتین کو کھڑا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی کابینہ میں بھی دو خاتون وزراء ہے ۔ اسمبلی اور پارلیمنٹ میں خواتین نمائندگی کررہی ہیں ۔ ویمن یونیورسٹی کو عالمی یونیورسٹی کے طرز پر ترقی دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی کے نام کو روشن کریں ۔ نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 550 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ضرورت پڑنے پر مزید 100 اور 200 کروڑ بھی جاری کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پونم پربھاکر ، ارکان پارلیمنٹ اسد الدین اویسی ، انیل کمار یادو ، چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل اور عہدیدار موجود تھے ۔۔ 2