چیف منسٹر کا دورہ یادادری، مندر کے کاموں کا جائزہ

   

۔850 کروڑ خرچ کئے گئے ، ترقیاتی کام آخری مراحل میں
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج یادادری کا دورہ کرتے ہوئے لکشمی نرسمہا سوامی مندر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر آج صبح سڑک کے راستے یادادری پہنچے اور معائنہ سے قبل مندر میں درج کیا۔ رکن اسمبلی جی سنیتا ، یادادری کے سی ای او جی کشن راؤ کے علاوہ آرکیٹکٹ اور انجنیئرس کے ہمراہ چیف منسٹر نے مختلف گوشوں کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری اور تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو کاموں کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ چیف منسٹر نے جاریہ کاموں میں بعض ترمیمات کی سفارش کی ہے۔ مندر کا تعمیری کام اختتامی مرحلہ میں ہے اور افتتاح کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد واپسی کے بعد اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے یادادری کے ترقیاتی منصوبہ کا جائزہ لیا۔ مندر کی تعمیر پر 1800 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ مندر پہنچنے پر پجاریوں نے روایتی انداز میں چیف منسٹر کا استقبال کیا اور انہیں آشیرواد دیا ۔ چیف منسٹر یادادری مندر کو تروپتی کی طرز پر ترقی دینا چاہتے ہیں اور یہ مندر تلنگانہ کی اہم ترین مندر شمار کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے گزشتہ سال ستمبر میں مندر کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا تھا۔ بتایا جاتاہے کہ ابھی تک 850 کروڑ روپئے کے تعمیری کام مکمل ہوچکے ہیں۔