چیف منسٹر کی گورنر سے راج بھون میں ظہرانہ پر دو گھنٹے طویل ملاقات

   

کابینی توسیع ‘ اسمبلی سشن اور سرکاری بلز کی منظوری پر تبادلہ خیال ۔ یوم آزادی پر 231 قیدیوں کی رہائی کو منظوری

حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ ٔ دہلی‘ پارٹی قیادت سے کابینہ کی توسیع پر مشاورت کے بعد اب گورنر سے ملاقات کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جانے لگی ہے ۔ ریونت ریڈی نے آج گورنر سی پی رادھاکرشنن سے ظہرانہ پر زائد از دو گھنٹے کی ملاقات کی اور اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیف منسٹر اور گورنر کی ملاقات میں گورنر سی پی رادھا کرشنن نے اچھے برتاؤ کے حامل طویل مدت سے جیل میں بند 231 قیدیوں کی 15 اگسٹ کو رہائی کو منظوری دی ہے۔ علاوہ ازیںچیف منسٹر نے گورنر کے پاس زیر التواء گورنر کوٹہ کے اراکین قانون ساز کونسل کے ناموں کی منظوری پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے کابینہ میں توسیع و اسمبلی کے جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتہ میں مانسون سیشن کے آغاز پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ چیف منسٹر نے حکومت کے مختلف بلوں کی منظوری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گورنر سے ملاقات میں چیف منسٹر نے گورنر کوٹہ کے تحت حکومت کی جانب سے روانہ کئے گئے ارکان کونسل کے ناموں کی منظوری پر استفسار کرکے توجہ دہانی کروائی اور بتایا کہ کابینہ نے گورنر کوٹہ کے تحت ارکان کونسل کیلئے جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈا رام کے نام روانہ کئے تھے جن کی منظوری زیر التواء ہے ۔ چیف منسٹر نے گورنر کو بتایا کہ حکومت مستحکم انداز میں ترقی کیلئے کام کر رہی اور عوام سے وعدوں کو پورا کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے گورنر کو کابینہ میں توسیع کے منصوبہ سے واقف کروایا اور کہا کہ کابینہ میں ابھی 6 وزراء کی شمولیت کی گنجائش ہے جو کہ آئندہ توسیع میں پوری کرلی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اور گورنر کی خوشگوار ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے گورنر سے 15 اگسٹ کے موقع پر قیدیوں کی رہائی کو منظوری دیئے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے ریاست کی جامعات میں وائس چانسلرس تقررات پر بھی گورنر سے تبادلہ خیال کیا کیونکہ ریاست کی بیشتر جامعات میں گورنر بہ اعتبار عہدہ چانسلر ہوتے ہیں۔ حکومت سے جلد تمام ریاستی جامعات کے وائس چانسلرس کے تقررات کو منظوری کا امکان ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت نے جو درخواستیں طلب کی ہیں ان کی تنقیح کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ یوم آزادی پر قیدیوں کی رہائی میں گورنر کو دستور کی دفعہ 161 کے تحت اختیار کا استعمال کرکے یوم آزادی ‘ گاندھی جینتی و یوم جمہوریہ کے موقع پر اچھے کردار کے حامل طویل مدت سے قید میں زندگی گذارنے والوں کو معافی کا اختیار رکھتے ہیں اور اسی کے تحت گورنر نے 15 اگسٹ کو قیدیوں کی رہائی کو منظوری دی ہے۔ ملاقات کے موقع پر چیف منسٹر کے ہمراہ مشیر برائے حکومت ویم نریندر ریڈی بھی موجود تھے۔3