وزارت ملنے پر پارٹی اور حکومت کیلئے کام کروں گا : راج گوپال ریڈی
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہاکہ اُنھیں چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کی کوئی خواہش یا ارادہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ میں اپنے موجودہ مقام سے خوش ہوں۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ میں 7 مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکا ہوں اور اب ریاستی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہوں۔ میں عہدوں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ حکومت نے سری سیلم لیفٹ بینک کنال کی سرنگ میں بچاؤ کاموں کے سلسلہ میں روبوٹک خدمات کے حصول کے لئے 4 کروڑ روپئے ادا کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کسی بھی قیمت پر پراجکٹ کی تکمیل کرے گی۔ اِسی دوران منوگوڑ کے کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کہاکہ اُنھوں نے وزارتی عہدہ کے حصول کے بارے میں کبھی بیان نہیں دیا ہے۔ میں نے بھونگیر میں کانگریس امیدوار کی لوک سبھا کے لئے کامیابی میں کافی محنت کی۔ اگر مجھے وزارتی عہدہ دیا جاتا ہے تو کانگریس پارٹی اور حکومت کے لئے کام کروں گا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ وزارت کی اُمید سے کوئی کام کرنا نہیں چاہتے۔ راج گوپال ریڈی نے کہاکہ جو لوگ کام کرتے ہیں اُنھیں ازخود اعزاز حاصل ہوتا ہے۔ راج گوپال ریڈی نے کہاکہ اسپیکر کے خلاف بی آر ایس رکن جگدیش ریڈی کے ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔ 1